اب پکوان گیس کی قیمت بڑھے گی

کیا یہی وہ اچھے دن ہیں جن کا
مودی نے وعدہ کیا تھا ؟
نئی دہلی 21 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت ریلوے مسافر کرایوں اور شرح باربرداری میں اضافہ کے بعد اب گھریلو صارفین کیلئے بھی سخت فیصلہ کرنے جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کے عام بجٹ میں فیول قیمتوں کے مسئلہ پر اقدام کرتے ہوئے سبسڈی پر فراہم کئے جانے والے گیس سلینڈر کی قیمت میں ہر ماہ دس روپئے کا اضافہ کا اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ ریل کرایوں میں اضافہ پر پہلے ہی احتجاج کیا جا رہا ہے اور اب پکوان گیس سلینڈرس کی قیمتوں میں بھی حکومت نے اضافہ کا منصوبہ تیار کرلیا ہے ۔

حکومت تاہم ہر گھر کیلئے سالانہ 12 سبسڈی والے گیس سلینڈر فراہم کرنے کی پابند رہے گی ۔ کہا جا رہا ہے کہ دہلی میں فی الحال ہر پکوان گیس سلینڈر پر 414 روپئے سبسڈی ادا کی جاتی ہے ۔ صارفین کو سالانہ 12 سبسڈی والے سلینڈرس کے بعد ہر سلینڈر پر 905 روپئے ادا کرنے ہوتے ہیں۔ اگر اس تجویز پر عمل آوری کی گئی تو حکومت کو اپنے فیول سبسڈی بل میں 7000 کروڑ روپئے کی کمی کرنے کا موقع دستیاب ہوگا ۔ حکومت نے کل ہی ریلوے کرایوں میں بھاری اضافہ کیا تھا جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گوا میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ اشارہ دیدیا تھا کہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کچھ سخت فیصلے کرنے ہونگے ۔ حکومت نے مسافر کرایوں میں 14.2 فیصد اور شرح باربرداری میں 6.5 فیصد کا اضافہ کیا تھا

جس پر تنقیدیں کی جا رہی ہیں۔ اضافہ پر 25 جون سے عمل آوری ہوگی اور یہ اضافہ ان ٹکٹس پر بھی ہوگا جو قبل از وقت خرید لئے گئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ جاریہ سال اس کی فیول سبسڈی کی رقم میں اضافہ ہوگیا ہے اور وہ 1.40 لاکھ کروڑ تک پہونچ گئی ہے ۔ عراق بحران کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اس کی اصل وجہ بتائی گئی ہے ۔ جس طرح حکومت کی جانب سے جنوری 2013 میں ڈیزل کی قیمت میں ہر ماہ فی لیٹر 50 پیسے کا اضافہ کیا جاتا ہے اسی طرز پر حکومت پکوان گیس سلینڈر کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ حکومت کا ماننا ہے کہ بیک وقت بھاری اضافہ کی بجائے ہر ماہ اضافہ سے عوام میں برہمی کی لہر پیدا نہیں ہوگی ۔ دفتر وزیر اعظم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ چونکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں زیادہ ہوگئی ہیں اس لئے حکومت کو اس معاملہ میں بھی سخت فیصلے کرنے ہونگے ۔ کہا گیا ہے کہ پٹرولیم پلاننگ و انالائزز سیل کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی ہے اور مرکزی وزیر پٹرولیم مسٹر دھرمیندر پردھان نے حال ہی میں اس کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ہے ۔