پرانا شہر میں کانگریس کا زور اور مجلس کی گرفت کمزور
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : پرانا شہر حیدرآباد کو مجلس کا گڑھ سمجھا جاتا رہا ہے ۔ لیکن عظیم تر مجلس بلدیہ حیدرآباد کے انتخابات میں ایسا لگ رہا ہے کہ پرانا شہر میں مجلس کی جڑیں کمزور ہوتی جارہی ہیں اور رائے دہندوں پر اس کی گرفت ڈھیلی پڑتی جارہی ہے ۔ اس کی سب سے اہم وجہ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مجلسی قائدین کی جانب سے مستحق کارکنوں و قائدین سے نا انصافی اور جذباتی نعروں سے عوام کا استحصال کیا جاتا ہے ۔ ماضی میں پرانا شہر میں مجلس کی لہر نظر آتی تھی لیکن شہر کے یہ ڈیویژن میں کانگریس ، ٹی آر ایس اور بی جے پی کے پرچم دکھائی دے رہے ہیں ۔ دوسری جانب مجلس بچاؤ تحریک کے امجد اللہ خاں خالد کے ساتھ ساتھ مجلس کے ہی سابق کارپوریٹر محمد غوث نے مجلسی قائدین کا آرام حرام کردیا ہے ایک طرح سے ان سے ان کی نیندیں اڑالی ہیں ۔ شہر کے مختلف ڈیویژنوں کے دورے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس مرتبہ مجلس کے لیے مصیبتیں بڑھ گئیں ہیں ۔ کانگریس نے سابق ریاستی وزیر اور قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر کی قیادت میں اپنی ساری طاقت جھونک دی ہیں ۔ محمد علی شبیر نے اپنے روڈ شوز اور انتخابی جلسوں کے علاوہ میڈیا سے بات چیت میں مجلس قیادت کو بے نقاب کر کے رکھدیا ہے ۔ ان کا یہ سوال اب پرانا شہر کے عوام کا سوال بن گیا ہے کہ آخر مجلس نے پرانا شہر اور مسلمانوں کی ترقی کے لیے کیا کام انجام دئیے ؟ جب کہ محمد علی شبیر کو اردو اور مسلمانوں کے نام پر اپنے بینک بیالنس میں اضافہ کرنے والوں پر بھی شدید اعتراض ہے ۔ محمد علی شبیر کا دعویٰ ہے کہ پرانا شہر اور یہاں کے مکینوں کی پسماندگی کے لیے مجلس ہی ذمہ دار ہے جو ہمیشہ مسلمانوں کی ترقی میں رکاوٹ بنتی رہی ۔ پرانا شہر میں مجلس کی کمزور ہوتی گرفت کے لیے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کی قیادت میں چلائی جارہی ٹی آر ایس کی مہم کو بھی ایک وجہ بتایا جارہا ہے ۔ محمود علی بھی پرانا شہر کی پسماندگی کے لیے مجلس کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں ۔ مجلس کے گڑھ میں دراڑوں کے لیے سابق کارپوریٹر محمد غوث کی کانگریس میں شمولیت بھی ایک اہم وجہ ہے ۔ محمد غوث کانگریسی امیدواروں کے حق میں سرگرم مہم چلا رہے ہیں ۔ انہیں پوری امید ہے کہ اس مرتبہ پرانا شہر میں مجلس کا مظاہرہ کمزور رہے گا اور کانگریس ایک نئی تاریخ رقم کرے گی ۔ 2002 اور 2009 میں چارمینار وارڈ سے کامیاب ہونے والے محمد غوث کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے وہ پرانا پل ، ان کے فرزند محمد سہیل شاہ علی بنڈہ اور ان کی اہلیہ پروین سلطانہ گھانسی بازار سے مقابلہ کررہے ہیں ۔ محمد غوث کا دعویٰ ہے کہ ان تینوں نشستوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ محمد غوث کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ پرانے شہر کی عوام مجلسی قیادت سے مایوس ہوچکی ہے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ اب وہ دور نہیں رہا جب لوگ آنکھ بند کر کے ووٹ دیتے تھے ۔۔