ممبئی ، گوا ، جزائر انڈومان کا انتخاب، 4000 مہمانوں کی دعوت ممکن:گڈکری
نئی دہلی ۔ 2 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سمندری جہازوں میں شادی کے خواہاں جوڑوں کو اب اپنی خواہش کی تکمیل کیلئے سڈنی بندرگاہ جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وزیر ٹرانسپورٹ و جہاز رانی نتن گڈکری نے آج کہا کہ گوا ، ممبئی اور جزائر انڈومان و نکوبار جیسے مقامات پر حکومت لکژری سمندری جہازوں میں شادیوں کے اہتمام کی تجویز رکھتی ہے اور بہت جلد کئی جوڑے سمندر کی سطح پر اپنی شادی کرسکتے ہیں۔ گڈکری نے کہا کہ اس قسم کے لکژری جہازوں سے استفادہ کی دسترس رکھنے والے جوڑوں کو اب پرتعیش شادی کیلئے آسٹریلیا کے سڈنی بندرگاہ جانے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ ہندوستان کے سمندری جہازوں میں ایسی تقاریب منعقد کی جاسکتی ہے جہاں 4000 مہمانوں کی ضیافت کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سرمایہ کارکی طرف سے 25 سمندری جہاز یں چلانے کیلئے وزارت جہاز رانی نے شہری ہوا بازی کے ڈائرکٹوریٹ جنرل سے منظوری کی درخواست کی ہے۔ پہلے مرحلہ میں ایسے 25 جہاز چلانے کیلئے ایک سرمایہ کار سے پیشکش موصول ہوئی ہے۔