حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بڑی نوٹوں کی منسوخی کے بعد حیدرآباد میں اولا کیاب کے ذریعہ عوام کو 2 ہزار روپئے تک نقد رقم نکالنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ انتظامیہ اولا کیاب اور تین بینکوں کے درمیان معاہدہ کیا گیا ہے ۔ کرنسی بحران کے دوران پریشان عوام کو ایک اور راحت فراہم کی جارہی ہے ۔ اولا کیاب میں ڈبٹ کارڈ سوائپنگ کے ذریعہ نقد رقم نکالنے کے لیے اے ٹی ایم کی موبائل سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں اولا کیاب انتظامیہ اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا ۔ آندھرا بینک ۔ پنجاب نیشنل بینک کے درمیان معاہدہ ہوا ہے ۔ اولا پرئینگ چیف آفیسر پرنئے نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں حیدرآباد اور کولکتہ میں اس پر عمل آوری ہوگی ۔ بعد ازاں دوسرے شہروں میں اس سہولت کو توسیع دی جائے گی ۔ منتخبہ کیابس میں ہی موبائل اے ٹی ایم کی سہولت رہے گی ۔ شہر کے مختلف مقامات پر اولا کیابس کو پارک کرتے ہوئے نقد رقم نکالنے کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ کیابس کے قریب پوائنٹ آف سیلس ( پی او سی ) ٹرمنل کے ساتھ بینک ملازم کی خدمات بھی فراہم کی جائے گی ۔ نقد رقم نکالنے کے خواہش مند افراد ڈبٹ کارڈ سوئیپ کرتے ہوئے 2000 روپئے تک نکال سکتے ہیں ۔ 500 اور 1000 روپئے کی منسوخی کے بعد بینکوں ، اے ٹی ایم اور پوسٹ آفسوں پر نقد رقم نکالنے کی قطاریں 20 دن بعد بھی دیکھی جارہی ہے ۔ کئی بینکوں اور اے ٹی ایم میں رقم ختم ہوجانے کے نوٹس آویزاں کردئیے گئے ہیں جس سے عوام کافی پریشان ہیں ۔ عوامی مسائل کو کسی حد تک دور کرنے کے لیے بینکوں اور اولا انتظامیہ نے ایک دوسرے سے مفاہمت کیا ہے ۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے قبل ازیں مخصوص پٹرول پمپس کے ( پی وی سی ) سے 2 ہزار روپئے نکالنے کی سہولت فراہم کی ہے ۔ ابھی تک وصول ہوئی اطلاعات کے مطابق پٹرول پمپس کے پی وی سیز سے 3700 کروڑ روپئے نکالے گئے ہیں ۔۔