اب اسکول میں پڑھنے کیلئے طلبہ کو یوگی کٹ بال رکھنے ہوں گے

میرٹھ، 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں سی بی ایس ای سے ملحقہ اسکول ریشبھ اکیڈمی نے نہ صرف اپنے طالب علموں کو وزیر اعلی آدتیہ ناتھ یوگی جیسے بال رکھنے بلکہ ٹفن میں نان ویج یعنی انڈے ، آملیٹ یا گوشت کی کوئی بھی ڈش لانے والوں کو اسکول سے نکال دینے اور ان خلاف قانونی کارروائی کئے جانے کے بھی احکامات دیئے ہیں۔ اس بات پر اسکول میں پڑھنے والے اقلیتی بچوں اور ان کے والدین نے الزام لگایا ہے کہ تعلیم جیسے بنیادی حق پر بھی بھگوا رنگ چڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اسکول کی آمریت پسندی ہے اور بچوں کو ان کی پسند کا کھانا لانے پر روک لگا کر کھانے پینے کی آزادی جیسے بنیادی حقوق سے انہیں محروم کیا جا رہا ہے ۔ والدین نے یہ بھی الزام لگایا کہ اسکول انتظامیہ خاص طبقے کے بچوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں داخلہ نہیں دینا چاہتی ہے اور اسی وجہ سے پابندی کے ایسے ہتھکنڈے اپنائے جا رہے ہیں۔