نئی دہلی، 28فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پاکستان سے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ وہ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمان کو فوراً غیر مشروط رہا کرے اور ان کی رہائی کے لئے کسی طرح کی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ پاکستان کو واضح طورپر کہہ دیا گیا ہے کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کے سلسلے میں اس کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی نہ ہی کسی طرح کی سود ے بازی کی جائے گی اور نہ ہی کوئی شرط مانی جائے گی۔پاکستان کو یہ وارننگ بھی دی گئی کہ ونگ کمانڈر کوکسی بھی طرح کا نقصان نہ پہنچے اور نہ ان کے ساتھ کسی طرح کی بدسلوکی کی جائے جیسا کہ 1999 میں ونگ کمانڈر آہوجہ کے ساتھ کیا گیا تھا۔ اسے یہ بھی بتادیا گیا ہے کہ ونگ کمانڈر ابھی نند ن ہندوستانی فوجی ہیں اور یہی ان کی شناخت ہے ۔ذرائع نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کی پیش کش پر کہا کہ اس کے لئے پہلے پاکستان کو ماحول تیار کرنا ہوگا ۔ ایسا دہشت گردی کے خلاف ٹھوس کارروائی کرکے ہی ہوسکتا ہے اور یہ کارروائی دکھائی بھی دینی چاہئے ۔ اس کے بعد ہی بات چیت کے بارے میں غور کیا جاسکتا ہے ۔ ونگ کمانڈر ابھی نندن بدھ کو پاکستان کی فضائیہ کے حملے کو ناکام کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں داخل ہوگئے تھے ۔