ابو عاصم اعظمی و ایم بی ٹی قائدین کے خلاف مقدمہ

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز): مسلم قیدیوں کے مبینہ انکاونٹر کے خلاف احتجاج پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ احتجاجی جلسہ میں تاخیر اور نفرت انگیز بیانات کے الزامات کو بنیاد بناتے ہوئے رین بازار پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ اے سی پی میر چوک مسٹر گنگا دھر نے یہ بات بتائی بتائی ۔ سماج وادی پارٹی قائد ابوعاصم اعظمی ، قائدین تحریک مجید اللہ خاں فرحت اور امجد اللہ خالد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ اے سی پی نے بتایا کہ امتناعی احکامات کی خلاف ورزی اور مقررہ وقت سے زائد وقت تک جلسہ کو جاری رکھا گیا اس کے علاوہ نفرت انگیز بیانات بھی دئیے گئے ۔ آلیر کے مبینہ فرضی انکاونٹر کے خلاف مجلس بچاؤ تحریک کا احتجاج جاری ہے ۔ تاہم اس احتجاج کے خلاف مقدمہ شہریوں میں بے چینی کا سبب بنا ہوا ہے ۔ پولیس کے اس رویہ کے خلاف ایم بی ٹی قائدین نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان مجلس بچاؤ تحریک مسٹر مجید اللہ خاں فرحت نے پولیس کی کارروائی کو یکطرفہ کارروائی قرار دیا ۔ اور کہا کہ ایسی کسی بھی کارروائی سے حق کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ۔