ابوظہبی آتشزدگی متاثرین کی ہر ممکن مدد ‘ کے ٹی آر

حیدرآباد 28 اکٹوبر ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و این آر آئی امور مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ ریاستی حکومت ابو ظہبی میں پیش آئے آتشزدگی کے حادثہ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریگی ۔ وزیر موصوف نے این آر آئی امور سے متعلق عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جو ہندوستانی باشندے ابو ظہبی میں پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوئے ہیں ان کی نعشیں وطن واپس لانے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔ اس حادثہ میں تقریبا 16 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جن میں پانچ کا تعلق تلنگانہ سے بتایا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 19 اکٹوبر کو یہ حادثہ ابوظہبی میں پیش آیا جبکہ یہ ورکرس گہری نیند میں تھے ۔ یہ لوگ گلف ڈیونس لینڈ اسکیپنگ اینڈ اگریکلچر سروسیس کمپنی کیلئے کام کرتے تھے ۔ کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ مرکزی محکمہ خارجی امور کے ڈپٹی سکریٹری نے انہیں ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ابوظہبی میں متعلقہ عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں اور یہ کوشش کر رہے ہیں کہ نعشوں کو جلد وطن واپس بھیجا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے جو لوگ اس حادثہ میں فوت ہوئے ہیں ان میں ٹی راکیش ‘ پی نریش ( ضلع نظام آباد ) پرکاش ملاوتھ ‘ ایم نریش اور جی اکھیلیش شامل ہیں جو مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سفارتخانہ کے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ ان نعشوں کی جلد روانگی کو یقینی بنانے اقدامات کریں۔