ابن بطوطہ

بچو! ابن بطوطہ ایک مشہور سیاح گذرا ہے اس نے مختلف ممالک کے حالات معلوم کرنے کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دور دراز کے سفر کئے اور اپنے سفر کے حالات بھی لکھتا رہا ابن بطوطہ کی طرح اس کا سفر نامہ بھی بہت مشہور ہے ۔ ابن بطوطہ چوں کہ مسلمان تھا اس لئے اس نے ضمنی طور پر اسلام کی اشاعت و تبلیغ کا کام بھی انجام دیا ۔ ابن بطوطہ شمالی افریقہ کے شہر تنجر میں 1307ء میں پیدا ہوا ۔ وہ بچپن ہی سے بہت ذہین اور سیر و سیاحت کا شوقین تھا ۔ وہ برابر سیاحت کے منصوبے بناتا رہتا لیکن اکیس سال تک اسے کوئی موقع نہ مل سکا ۔ 21 سال کی عمر میں اس نے بیت اللہ کے حج کا ارادہ کیا ۔ یہیں سے اس کے سفر کی ابتداء ہوتی ہے ۔ اس وقت آج کل کی طرح سفر کی سہولیات نہ تھیں ۔ نہ ریل تھی نہ ہوائی جہاز لوگ پیدل یا جانوروں پر سفر کرتے تھے راستے بھی خطرناک اور دشوار گذار تھے ایسے حالات میں 21 سالہ نوجوان کا سیاحی کیلئے نکل کھڑا ہونا بڑے دل گردے کی بات تھی ۔ ابن بطوطہ نے اپنی عمر کے 30 سال سفر میں گذارے ۔