نیویارک۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان۔کی۔ مون نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان کے لئے ان کے دل میں ایک خاص مقام ہے‘‘۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی سفارتی کریر کا آغاز قصداً نئی دہلی سے کیا تھا، جسے ہمیشہ وہ ایک اہم اور جرأت مندانہ آغاز تصور کرتے رہے ہیں۔ ان کے ایک مضمون میں جسے پروفیشنل نیٹ ورکنگ سائٹ ’’لنکڈ اِن‘‘ پر پوسٹ کیا گیا ہے اور جس کا عنوان ہے : ’’انہیں ایک پتھریلا راستہ اپنانے سے کیا ملا؟‘‘ جنوبی کوریا سے سفارتی کورس کی تکمیل کے بعد ان کے پاس ملازمت کے انتخاب کے لئے کئی متبادل تھے۔ انہیں یہ موقع حاصل ہوا تھا کہ وہ اپنی پوسٹنگ کیلئے ایسے کسی بھی ملک کے صدر مقام کا انتخاب کرسکتے ہیں جہاں ان کے (مون) ملک کا سفارت خانہ موجود ہو، لہٰذا ایک جونیر پروفیشنل ہونے کے ناطے انہوں نے نئی دہلی کا انتخاب کیا کیونکہ ان کی نظر میں وہ پوسٹنگ انتہائی اہمیت کی حامل تھی۔ اس طرح انہوں نے کوریا کے سفارت خانے میں کام کرنا شروع کردیا جو ایک چھوٹا سا دفتر تھا تاہم مصروفیات اتنی زیادہ تھیں کہ اگر انسان کے دس ہاتھ بھی ہوتے تو اسے مکمل نہیں کرپاتے۔ بہرحال انہیں اپنی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے بہت سارے تجربات حاصل ہوئے جو آگے چل کر اُن کے کریر میں معاون ثابت ہوئے۔