نئی دہلی ۔ 18 جون۔(سیاست ڈاٹ کام) حکومت دہلی کے آئی اے ایس افسران نے اپنے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق ریاستی چیف منسٹر اروند کجریوال کے تیقن کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا کہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ آئی اے ایس افسران نے کہا ہیکہ وہ اپنی سلامتی اور عزت نفس کے لئے ایک مضبوط و مبسوط مداخلت کے متمنی و منتظر ہیں۔ یہ ایک ایسا اقدام ہے جو چیف منسٹر کجریوال کی رہائش گاہ پر فروری میں منعقدہ اجلاس میں حکمراں عام آدمی پارٹی ( عآپ) کے بعض ارکان اسمبلی کی طرف سے چیف سکریٹری انشوپرکاش پر مبینہ حملے کے بعد عآپ حکومت اور سرکاری عہدیداروں کے درمیان چار ماہ سے جاری تعطل ختم ہوچکا ہے ۔ اروناچل پردیش ، گوا ، میزورام اور مرکزی زیرانتظام علاقوں ( آگمٹ) کے افسران اسوسی ایشن نے کہا کہ وہ پوری محنت و لگن سے کام جاری رکھیں گے ۔ اسوسی ایشن نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’دہلی کام پر ۔ ہڑتال نہیں چاہئے ‘‘ ۔