ماہانہ اعزازیہ اسکیم کے تحت رقم جاری کرنے کا امکان ، درخواستوں کی تنقیح میں سرعت
حیدرآباد۔/10ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ائمہ اور مؤذنین کیلئے عیدالاضحی سے قبل وقف بورڈ کی جانب سے خوشخبری کا امکان ہے۔ ائمہ اور مؤذنین جنہیں ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کے تحت ابھی تک رقم جاری نہیں کی گئی انہیں عید سے قبل رقم کی اجرائی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 2000 سے زائد ائمہ اور مؤذنین کو ابھی تک اعزازیہ جاری نہیں کیا گیا اور انہیں بیک وقت 12 ماہ کے اعزازیہ کے طور پر 12000/- روپئے جاری کئے جائیں گے جو عید سے قبل ائمہ اور مؤذنین کو بطور تحفہ ملیں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے گذشتہ سال ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی اسکیم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ماہانہ ایک ہزار روپئے ادا کرنے کا اعلان کیا گیا۔ حکومت نے 5ہزار ائمہ اور 5 ہزار مؤذنین کو اعزازیہ کی رقم جاری کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ریاست بھر سے صرف 8934 درخواستیں داخل کی گئیں۔ وقف بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق 8اگسٹ تک 6065 ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ کی رقم جاری کردی گئی اور 2869 درخواستوں کی یکسوئی ابھی باقی ہے۔ بعض اضلاع میں باقاعدہ تقریب منعقد کرتے ہوئے ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ کے چیک حوالے کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ رقم کی اجرائی میں تاخیر کی بعض تکنیکی وجوہات ہیں۔ کئی ائمہ و مؤذنین نے ایک سے زائد مقامات پر درخواستیں داخل کردیں اس کے علاوہ کئی درخواست گذاروں کے نام بینک پاس بک میں مختلف ہیں جس کے باعث بینک انہیں رقم کی منتقلی سے انکار کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 500سے زائد ایسے درخواست گذار ہیں جنہوں نے زائد درخواستیں داخل کردیں۔ وقف بورڈ باقی درخواستوں کی جانچ کا کام کررہا ہے تاکہ زائد درخواستوں کے علاوہ پاس بک اور دیگر دستاویزات میں نام میں یکسانیت پیدا کی جاسکے۔ وقف بورڈ کی مساعی ہے کہ عید سے قبل یہ کام مکمل کرتے ہوئے تمام باقی درخواست گذاروں کو رقم جاری کردی جائے۔ اعزازیہ کی رقم راست طور پر بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ حکومت نے اس اسکیم کے تحت وقف بورڈ کو 12کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ اسکیم پر عمل آوری میں تاخیر کے سبب بورڈ کو مختلف گوشوں سے تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں داخل کی گئی 1498 درخواستوں میں بعض ایسی درخواستیں ہیں جو دوسرے اضلاع سے بھی داخل کی گئیں۔ حکومت کے نشانہ کی عدم تکمیل کے باعث ممکن ہے کہ وقف بورڈ کی جانب سے دوبارہ نئی درخواستیں طلب کی جائیں تاکہ 10 ہزار کے نشانہ کو پورا کیا جاسکے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر محمد اسد اللہ نے اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جلد سے جلد مابقی درخواستوں کے ویریفکیشن کا کام مکمل کرتے ہوئے اعزازیہ کی رقم جاری کردیں۔