ائمہ و موذنین کو اعزازیہ اسکیم ، درخواستوں کی جانچ کا آغاز

خصوصی ٹیموں کی تشکیل ، آئندہ مالی سال میں اعزازیہ کی اجرائی متوقع
حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ائمہ اور مؤذنین کو حکومت کی جانب سے ماہانہ اعزازیہ سے متعلق اسکیم پر عمل آوری کیلئے وقف بورڈ نے موصولہ درخواستوں کی جانچ کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد اور اضلاع کی درخواستوں کی جانچ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مساجد پہنچ کر ائمہ اور مؤذنین کی موجودگی کا پتہ چلائیں گی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کرلیا جائے گا اور آئندہ مالیاتی سال کے آغاز تک اعزازیہ جاری کردیا جائے گا۔ حکومت نے ریاست میں 5000 ائمہ اور 5000 مؤذنین کو ماہانہ 1000/- روپئے اعزازیہ فراہم کرنے کا اعلان کیا اور اسکیم کیلئے 12کروڑ روپئے وقف بورڈ کو جاری کئے گئے۔ اگرچہ یہ اسکیم رمضان المبارک کے موقع پر شروع کی جانی تھی تاہم درخواستوں کی وصولی میں تاخیر ہوئی ہے۔ حکومت کے نشانہ سے کم درخواستیں موصول ہوئیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ائمہ اور مؤذنین سرکاری اعزازیہ حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ اس اسکیم کے تحت جملہ 8934 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں ائمہ 4901 اور مؤذنین 4033 ہیں۔ حیدرآباد سے جملہ 1498 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں ائمہ 880 اور مؤذنین 618ہیں۔ عادل آباد سے 611، کریم نگر 973، کھمم 463، محبوب نگر 1132، میدک 1014، نلگنڈہ 829 ، نظام آباد 1142، رنگاریڈی 445 اور ورنگل سے 827 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ نے شہر میں درخواستوں کی جانچ کیلئے وقف بورڈ کے ملازمین کے علاوہ حج کمیٹی اور اردو اکیڈیمی کے اسٹاف کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اضلاع میں درخواستوں کی جانچ کا کام انسپکٹر آڈیٹرس وقف بورڈ اور ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے ذریعہ کیا جائے گا۔