ائمہ و مؤذنین کو تنخواہ ، دعوت افطار کیلئے 26 کروڑ روپئے کی اجرائی

’’سیاست‘‘ میں خبر کی اشاعت کا اثر، ہنگامی طور پر متعلقہ فائلوں کی منظوری
حیدرآباد۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ائمہ و موذنین کی ماہانہ تنخواہوں اور ریاست بھر میں دعوتِ افطار، غریبوں میں کپڑوں کی تقسیم کیلئے 26 کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔ اس سلسلے میں آج روزنامہ سیاست میں خبر کی اشاعت کے فوری بعد حکومت نے ہنگامی طور پر متعلقہ فائیلوں کو منظوری دی اور سہ پہر منظوری کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے مذکورہ اُمور کی تکمیل کیلئے 26 کروڑ روپئے کی منظوری کا اعلان کیا تھا۔ 4 جولائی کو محکمہ فینانس نے اس رقم کی منظوری دی لیکن محکمہ اقلیتی بہبود کو یہ رقم جاری نہیں کی گئی تھی۔ چیف منسٹر کے پاس متعلقہ فائیلوں کی منظوری میں تاخیر کے سبب یہ صورتِ حال پیدا ہوئی تھی چونکہ سرکاری افطار اور غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کے لئے طئے کردہ تاریخ قریب آرہی تھی، محکمہ اقلیتی بہبود بجٹ کی عدم اجرائی کو لے کر فکرمند تھا۔ سیاست کی جانب سے اس بارے میں خبر کی اشاعت کے ساتھ ہی حکومت نے فوری طور پر فائیلوں کو منظوری دیتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود کو 26 کروڑ روپئے جاری کردیئے۔ سیکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج اس سلسلے میں تین علیحدہ احکامات جاری کئے۔ مساجد کے ائمہ اور موذنین کو ماہانہ 1,000/- روپئے کی ادائیگی کے سلسلے میں حکومت نے 5,000 مساجد کا نشانہ مقرر کیا ہے اور اس کے لئے 12 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ وقف بورڈ کو گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر یہ رقم جاری کی گئی۔ ڈائریکٹر اقلیتی بہبود اور چیف ایگزیکٹیو وقف بورڈ اس اسکیم پر عمل آوری کے ذمہ دار ہوں گے۔ ایک اور جی او کے تحت حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود کی 100 مساجد میں دعوتِ افطار اور طعام کے لئے 2 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ ہر مسجد میں ایک ہزار افراد کیلئے افطار اور طعام کا انتظام کیا جائے گا۔ یہ بجٹ متعلقہ کمیٹیوں کو جاری کیا جائے گا۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد حدود کی 100 مساجد کے تحت ایک لاکھ غریب خاندانوں میں فی کس 500/- روپئے مالیتی کپڑوں کی تقسیم کیلئے 9.75 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ ہر مسجد کے تحت ایک ہزار خاندانوں میں یہ کپڑے تقسیم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کی جانب سے 95 اسمبلی حلقوں کے ہیڈکوارٹرس کی ایک مسجد میں ایک ہزار افراد کے افطار اور طعام کے انتظام کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے 1.90 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ مذکورہ 95 مساجد میں فی کس ایک ہزار غریب خاندانوں میں کپڑے تقسیم کئے جائیں گے۔ حکومت نے بعض یتیم خانوں میں دعوت افطار، طعام اور کپڑوں کی تقسیم کیلئے 35 لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 26 کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے ہیں۔