ائرپورٹس پر پارکنگ ‘ صرف کارڈ یا موبائیل سے ادائیگی لازم

ائرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کا فیصلہ ۔ نصف شب سے پارکنگ فیس کی وصولی کا آغاز
حیدرآباد۔29نومبر (سیاست نیوز) ملک میں پلاسٹک کرنسی اور الکٹرانک ادائیگی کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں ائیرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام ائیرپورٹس پر موجود پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کیلئے الکٹرانک ادائیگی اور کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ حکومت ہند کے اس فیصلہ کے بعد ائیرپورٹ میں گاڑی پارک کرنے والوں کے پاس کارڈ کے ذریعہ یا موبائیل کے ذریعہ ادائیگی کی سہولت ہونی ضروری ہے۔ حکومت نے کرنسی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی ادائیگی کو کرنسی کی عدم موجودگی کے سبب معاف کرنے کا اعلان کیا تھا اسی طرح ائیرپورٹس پر پارکنگ فیس کو بھی برخواست کردیا گیا تھا لیکن 29نومبر کی رات سے ائیرپورٹس پر پارکنگ فیس وصول کی جائے گی لیکن صرف الکٹرانک یا کارڈ کے ذریعہ ہی ادائیگی ممکن ہو پائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ائیر پورٹ پارکنگ کے بعد ائیرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے ائیر پورٹ کے احاطہ میں موجود تمام تجارتی مراکز پر الکٹرانک اور کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کے لزوم پر غور کررہی ہے تاکہ ائیرپورٹس پر نقد لین دین کو مکمل طور پر مفقود کیا جا سکے۔ ذرائع کے بموجب ملک میں ائیر پورٹ پارکنگ فیس کیلئے کارڈ اور الکٹرانک ادائیگی نظام کے ذریعہ تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں ائیرپورٹس کے اندرونی و بیرنی حصوں میں موجود جملہ تجارتی مراکز پر جہاں فی الحال کارڈ اور الکٹرانک ادائیگی کی سہولت موجود ہے ان تجارتی مراکز میں نقد ادائیگی کی سہولت برخواست کردی جائے گی۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ شمس آباد کے ذرائع کے بموجب عام طور پر ائیر پورٹ کے اندرونی حصہ میں جو تجارت ہوتی ہے وہ کارڈ کے ذریعہ ادائیگی میں ہی ہوا کرتی ہے لیکن بعض بیرونی مسافرین جو ہندستانی کرنسی ملک چھوڑنے سے پہلے خرچ کرنا چاہتے ہیں وہ جو ان کے پاس ہندستانی کرنسی رہ جاتی ہے اس  کرنسی کے عوض خریداری کر لیتے ہیں ۔ ائیر پورٹ کے اندرونی حصہ میں موجود تجارتی مراکز پر اس طرح کے تجربہ ناکام ہونے کی گنجائش کم ہی ہے بیرونی مسافرین کے پاس رہ جانے والی کرنسی کی تبدیلی کیلئے ائیرپورٹ پر کاؤنٹر ہوتے ہیں اسی لئے یہ مسئلہ مشکل نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے پارکنگ فیس کی ادائیگی کو الکٹرانک یا کارڈ کے ذریعہ یقینی بنانے کا عمل کچھ حد تک دشوار کن ہو سکتا ہے کیونکہ کئی ڈرائیورس جو ائیرپورٹ پارکنگ میں مسافرین کا انتظار کرتے ہیں ان کے پاس کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کی سہولت موجود نہیں ہوتی جس کے سبب انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر اس مرحلہ میںکامیابی حاصل ہوجاتی ہے تو ایسی صورت میں مشکلات دور ہو جائیں گی اور اس منصوبہ کو بڑے پیمانے پر وسعت دی جا سکے گی۔