آکاش میزائیل کا کامیاب تجربہ

بالاسور ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ہندوستان نے دیسی طور پر فروغ دئیے گئے زمین سے فضا میں وار کرنے والے آکاش میزائیل کے مرحلوں میں آج کامیاب تجربات کیا ۔ اڈیشہ میں بالاسور کے قریب چاندی پور میں واقع مربوط تجرباتی رینج ( آئی ٹی آر ) سے ایر فورس کی جانب سے یہ تجربات کئے گئے ہیں ۔ دفاعی ذرائع نے کہا کہ دن کے 11 بجکر 55 منٹ اور دوپہر 12 بجے آئی ٹی آر کے کامپلکس 3 سے انتہائی عصری آکاش میزائیل کامیابی کے ساتھ داغے گئے ۔ آئی ٹی آر کے ڈائرکٹر ایم کے وی پربھاکر نے ان تجربات کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے استعمال کے مطابق تجربہ کے ایک حصہ کے طور پر دونوں مرحلوں کا عمل پورا کیا ۔ آکاش ، زمین سے فضاء میں وار کرنے والا ایک اوسط رینج کا میزائیل ہے اس طیارہ شکن دفاعی نظام کو ادارہ برائے دفاعی تحقیق و ترقی ( ڈی آر ڈی او ) نے گائیڈیڈ میزائیل ترقیاتی پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر تیار کیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ایر فورسیس میزائیل پہلے ہی شامل کئے جاتے ہیں جب کہ فوجی میزائیل کو مسلح افواج میں شامل کرنے کا کام قطعی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔