!آپ کے آدھار کارڈ کی تفصیلات تک ہر کسی کی رسائی

سیکوریٹی سے متعلق یو آئی ڈی اے آئی کا دعویٰ غلط ثابت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : نریندر مودی حکومت سرکاری و خانگی خدمات کے لیے آدھار کارڈ کو لازمی قرار دے رہی ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ آدھار کارڈ سیکوریٹی کے لحاظ سے بالکل محفوظ ہیں ۔ تاحال یونیک آئیڈنٹیفکیشن اتھاریٹی آف انڈیا (UIDIA) نے ایک ارب شہریوں کو آدھار کارڈس جاری کردئیے ہیں ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ان تمام شہریوں کی تمام تفصیلات محفوظ نہیں ہیں بلکہ ان تفصیلات کے ذریعہ کبھی بھی ان شہریوں کا استحصال کیا جاسکتا ہے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ UIDIA نے بار بار یہی دعویٰ کیا ہے کہ آدھار کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا کہ اس کے ذریعہ ڈاٹا سیکوریٹی اور پرائیویسی یقینی بن گئی ہے لیکن تحقیقاتی رپورٹس سے انکشاف ہوا ہے کہ اس ڈاٹا کے لیے کوئی سیکوریٹی نہیں ہے کیوں کہ اس تک بآسانی رسائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ آدھار کو سارے ملک میں لازمی قرار دیا جارہا ہے ۔ ایک حالیہ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ایک ارب شہریوں کی آدھار تفصیلات تک بآسانی رسائی حاصل ہے ۔ اخبار تریبون کے ایک نامہ نگار نے واٹس اپ پر ایک نامعلوم فروخت کنندہ کی فراہم کردہ ایک خدمت سے استفادہ کیا جس نے ایک ایجنٹ کو پی ٹی ایم کے ذریعہ صرف 500 روپئے کی ادائیگی پر ایک ارب آدھار نمبرات تک لامحدود رسائی کا موقع فراہم کیا ۔ اس ایجنٹ نے 500 روپئے ادا کرنے پر ایک لاجن آئی ڈی اور پاس ورڈ دیا تا کہ 12 ہندسی یونیک آئیڈنٹیفکیشن نمبر تک رسائی حاصل کی جاسکے ۔ اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ گیٹ وے میں لاگ اِن استعمال کرتے ہوئے کوئی بھی پورٹل میں کوئی مخصوص آدھار نمبر داخل کر کے تمام تفصیلات حاصل کرسکتا ہے ۔ اس میں نام ، پتہ ، پوسٹل کوڈ (PIN) ، تصویر ، فون نمبر اور ای میل جیسی تفصیلات شامل ہیں ۔ مذکورہ اخبار نے یہ بھی حیرت انگیز انکشاف کیا کہ صرف 300 روپئے اضافی رقم ادا کرنے پر ایجنٹ کسٹمر کو ایک سافٹ ویر فراہم کرے گا جس کے ذریعہ آدھار کارڈس کی پرنٹنگ کی جاسکتی ہے ۔۔