آپ ٹکراؤ کا راستہ ترک کرکے ترقی کیلئے کام کرے :تیواری

نئی دہلی۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی اکائی کے صدر منوج تیواری نے وزیراعلی اروند کیجری وال سے مثبت سیاست کرنے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہاکہ اگر انہیں کوئی شکایت ہے تو وہ مل بیٹھ کر اس کا حل کرنا چاہتے ہیں۔ مسٹر تیواری نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ تینوں میونسپل کارپوریشن انتخاب میں بی جے پی کو ملی تاریخی جیت سے واضح ہوگیا ہے کہ دہلی کے عوام نے منفی سیاست کو مسترد کردیا ہے اور وہ ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے جو اکثریت دی ہے وہ اس کا احترام کرتے ہیں۔ اس جیت سے ان کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے ۔ بی جے پی لیڈر نے کہاکہ عام آدمی پارٹی حکومت ایک منتخب حکومت ہے اور اس سے امید کی جاتی ہے کہ وہ قومی راجدھانی خطے کے مسائل کو دور کرے اور میونسپل کارپوریشنوں کے ساتھ مل جل کر کام کرے ۔ دہلی حکومت کو کوئی شکایت ہے تو وہ آپس میں بیٹھ کر اس کا حل کرنا چاہتے ہیں۔ مرکز اور ریاست کے مابین ٹکراؤ صحیح نہیں ہے ۔مسٹر تیواری نے کہاکہ ہاؤس ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کرکے انتخابی میدان میں اتری آپ کو مسترد کئے جانے سے واضح ہو گیا ہے کہ یہاں کے لوگ سہولیات چاہتے ہیں لیکن مفت میں کچھ نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہاکہ دہلی کے انتخابی نتائج کو علاقہ، ذات، مذہب اور طبقہ میں بانٹ کر نہیں دیکھا جانا چاہئے بلکہ یہ دو کروڑ لوگوں کے کنبوں کی جیت ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہلی کی ہزاروں سال کی تاریخ ہے اور یہاں کے ہرطبقہ کے لوگوں نے بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا ہے ۔ یہ ان کے لئے جذباتی دن ہے جو انتخابی مہم کے دوران عوامی حمایت کی یاد تازہ کرتی ہے ۔