واردھا (مہاراشٹرا) /2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو انتشار کی سیاست پر عمل آوری کرنے اور جھوٹے وعدے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ آپ نے بی جے پی قائد کو آزمایا لیکن ان کی حکومت پنکچر ہوگئی ۔ اب وقت آگیا ہے کہ آپ کانگریس پر بھروسہ کریں تاکہ ہندوستان ترقی کرسکے ۔ صدر کانگریس نے مہاتما گاندھی کے نظریات کی صداقت اور فر قہ وارانہ ہم آہنگی سے وابستگی کو مودی حکومت پر تنقید کیلئے استعمال کیا اور الزام عائد کیا کہ وزیراعظم ان ہی نظریات کے خلاف جنگ کررہے ہیں جن کیلئے بابائے قوم نے اپنی زندگی کی قربانی دی تھی اور تین گولیاں کھائی تھیں ۔ وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے جس کا مقصد بابائے قوم کی 150 ویں یوم پیدائش تقاریب کے کانگریس پروگرام کا آغاز کریں ۔ راہول گاندھی نے مودی حکومت کو رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کے سودے اور خاطی بیوپاری نیرومودی اور وجئے ملیا کے حوالے سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے چور نریندر مودی کی مدد سے لکھ پتی بن گئے ۔ کروڑوں روپئے کا کالا دھن انہوں نے سفید کرلیا ۔ مودی جی نے آپ کی جیبوں سے پیسے نکال لئے اور انہیں نیرومودی اور وجئے ملیا کی جیبوں میں ڈال دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے مودی جی کو آزمایا (انہیں ایک موقع دیا ) گاڑی (مودی حکومت ) ناکام ہوگئی ، پنکچر ہوگئی ، اس کا انجن دھماکے سے پھٹ پڑا ، یہ کام نہیں کررہا ہے ۔ اس نے آپ کی اعتماد شکنی کی ہے ۔ اب آپ کانگریس پر بھروسہ کریں ۔ مہاتما گاندھی کا نظریہ ہندوستان کی ترقی میں مدد کرسکتا ہے ۔ راہول گاندھی نے واردھا (مہاراشٹرا) میں تقریر کرتے ہوئے جہاں مہاتما گاندھی کا سیوا گرام آشرم واقع ہے کہا کہ انہوں نے چار کیلو میٹر کا فاصلہ اپنی گاڑی میں اور پیدل طئے کیا ہے تاکہ مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش تقریب کے پیغام نے ان کی پارٹی کو متاثر کیا تھا اور ہدایت دی تھی کہ ملک سے ’’خوف کا ماحول‘‘ دور کریں ۔ سینئر پارٹی قائدین وینو گوپال ، آر پی ایم سنگھ ، غلام نبی آزاد ، جیوتر آدتیہ سندھیا ، ریاستی صدر اشوک چوہان ، قائد اپوزیشن مہاراشٹرا اسمبلی رادھا کرشنا وکھے پاٹل اور دیگر راہول گاندھی کے ہمراہ تھے ۔ بابائے قوم کے مجسمہ کی ضلع کلکٹر آفس کے روبرو گلپوشی کے ذریعہ پدیاترا کا آغاز ہوا ۔