واشنگٹن ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ امریکہ جان کیری نے آج ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ پیرس میں دولت اسلامیہ کے خلاف اتحاد کے اجلاس سے خطاب کیا جبکہ ان کی دائیں ٹانگ کا آپریشن ہونے جارہا تھا۔ وہ ہفتہ کے دن فرانس میں سیکل چلاتے ہوئے حادثہ کا شکار ہوگئے تھے۔ ان کے ہمراہ ان کے ڈاکٹر موجود تھے جن کے ساتھ وہ جنیوا سے بوسٹن فوجی طیارہ C17 کے ذریعہ کل رات دیر گئے منتقل ہوئے۔ بعدازاں وہ میساچوسیٹس جنرل ہاسپٹل منتقل کئے گئے جہاں ان کی ٹوٹی ہوئی ٹانگ کا آپریشن مقرر تھا۔ دولت اسلامیہ کے خلاف اتحاد کے اجلاس سے پیرس میں ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دولت اسلامیہ کو شکست دینے کا اس کے مخالفت اتحاد کو یقین ہے۔ اتحادی افواج گذشتہ 9 ماہ سے جنگ کررہی ہیں۔
انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ دہشت گرد تنظیم کے توسیع پسندی کے چیلنج سے نمٹنا ضروری ہے۔ اب وقت آ گیا ہیکہ عظیم ترین قرارداد منظور کی جائے۔ دولت اسلامیہ ایک منحرف اور انتہائی بے رحم دشمن ہے جس کی کئی کمزوریاں ہیں اور اسے آسانی سے شکست دی جاسکتی ہے۔ ہم ابتداء ہی سے جانتے تھے کہ یہ کام مشکل ہوگا لیکن کئی سال مہم جاری رکھنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر رمدی پر دولت اسلامیہ کا قبضہ ایک دھکہ تھا لیکن اس پر قابو پانے میں عراقی کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر اقدام کرتے ہوئے دبابہ شکن راکٹ دولت اسلامیہ کے خلاف استعمال کئے جانے چاہئیں جو خودکش گاڑیاں تعینات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبہ عنبر اور دیگر مقامات پر فضائی حملے جاری رکھیں گے تاکہ دولت اسلامیہ پر دباؤ ڈالا جاسکے۔ جان کیری نے بغدادمیں کہا کہ وزیراعظم عراق اور ان کی حکومت نے متفقہ طور پر لائحہ عمل کی منظوری دیتے ہوئے تاکہ شہر رمدی پر دوبارہ قبضہ کیا جاسکے، اچھا اقدام ہے۔
ہم اس لائحہ عمل کی تائید کرتے ہیں جو تربیتی پروگرام کو تحریک دینے اور مقامی قبائل کو باہم تعاون کی ترغیب دینے اور عراقی فوج کیلئے بھرتیوں میں رفتار پیدا کرنے کے سلسلہ میں ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مقامی پولیس کیلئے تندرست سبکدوش ملازمین پولیس کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اتحادی افواج کو عراقی کمان کے تحت کارروائی کرنی چاہئے تاکہ انہیں فوری طور پر مدد مل سکے اور وہ دولت اسلامیہ کے زیرقبضہ علاقوں کو آزادی دلا سکیں۔ انہوں نے زیادہ تربیت یافتہ جنگجوؤں کے تقرر پر زور دیا۔ جان کیری نے کہا کہ 30 ممالک نے قانونی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ غیرملکیوں کو دولت اسلامیہ میں شامل ہونے سے روکا جاسکے ۔ وزیرخارجہ امریکہ نے کہاکہ سراغ رسانی معلومات کا باہم تبادلہ کیا جارہا ہے۔