آپریشن بلیو اسٹار میں برطانیہ کے ملوث ہونے کی تردید

لندن ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق ہندوستانی لیفٹننٹ جنرل کلدیپ سنگھ برار جنھوں نے 1984 ء میں سکھ علحدگی پسندوں کے خلاف امرتسر کے سنہرے مندر میں آپریشن بلیور اسٹار کی قیادت کی تھی ، نے ایک رپورٹ کے مطابق آپریشن بلیو اسٹار میں برطانیہ کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اس بات کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ اُس وقت کی وزیراعظم برطانیہ مارگریٹ تھیچر اُس وقت کی وزیراعظم ہند اندرا گاندھی کو سنہرے مندر پر فوجی کارروائی کی تجویز پیش کریں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے آپریشن بلیو اسٹار میں ملوث ہونے کا معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب ایم پی ٹام واٹسن کے ادعا کیا کہ انھوں نے اس معاملہ سے مربوط دستاویزات دیکھی ہیں۔ اس معاملہ کا نکشاف ہونے کے بعد ایک طرف یہاں موجود برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے وہیں دوسری طرف مسٹر برار نے اس انکشاف کو یہ کہکر مسترد کردیا کہ انھیں ایسے کسی بھی کاغذات کی افادیت پر شبہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن بلیو اسٹار مکمل طورپر صرف اور صرف ہندوستانی کمانڈرس کی منصوبہ بندی اور عمل آوری کا نتیجہ تھا ۔ برطانوی حکومت نے بھی یہ تیقن دیا ہے کہ حقائق کو جلد از جلد منظرعام پر لانے کے لئے کابینی سکریٹری ان کی تحقیقات کریں گے۔