آٹو ڈرائیوروں کا آر ٹی اے آفس پر دھرنا ، کرپشن پر احتجاج

حیدرآباد۔ یکم فروری (این ایس ایس) تلنگانہ آٹو ڈرائیورس یونین ممبرس نے آج سکندرآباد آر ٹی اے آفس پر دھرنا منظم کرتے ہوئے دفتر میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے خلاف احتجاج کیا اور حکومت سے بدعنوانی کو سختی سے کچلنے کا مطالبہ کیا۔ تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی کنوینر محمد امان اللہ خان نے آٹو ڈرائیورس کو مخاطب کیا اور الزام عائد کیا کہ سکندرآباد آر ٹی اے آفس میں کوئی بھی آر ٹی اے کام اسٹاف کے ہاتھ گرم کئے بغیر نہیں ہو پارہا ہے۔ جے اے سی قائدین بی وینکٹیشم، ایم اے سلیم، رفعت اللہ بیگ، اے ستی ریڈی، محمد عظیم الدین اور دیگر نے بھی مخاطب کیا اور کرپشن کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کرنے کی دھمکی دی۔