16 مئی سے ہڑتال کا اعلان ، محمد امان اللہ خاں و دیگرکی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔28اپریل(سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں آٹوڈرائیورس کے ساتھ سوتیلا سلوک کا ٹریفک عہدیداروں پر الزام عائد کرتے ہوئے تلنگانہ آٹوڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 16مئی سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا۔ آج یہاں این ایس ایس میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران تلنگانہ آٹوڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر محمد امان اللہ خان نے کہاکہ اولا اور اوبیر کار کمپنیوں کو فروغ دینے اور شہر سے آٹوز برخواست کرنے کے لئے محکمہ ٹریفک اور حکومت تلنگانہ گریٹر حیدرآباد میں ان کار کمپنیوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کررہی ہے ۔ امان اللہ خان نے محکمہ ٹریفک عہدیداروں پر غیر ضروری آٹوڈرائیورس کو ہراساں کرنے اور ان کے پرمٹس منسوخ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ امان اللہ خان نے کہاکہ ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین حکومت اورمتعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے مگر اولا اور اوبیر کار انتظامیہ اپنا کرایہ خود مقررکررہا ہے جس سے ٹرانسپورٹ ایکٹ 67کی خلاف ورزی بھی ہورہی ہے ۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ ایکٹ 67کا تحفظ کرنے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔