دواخانے ، بس ڈپو اور ریلوے اسٹیشن جانے والے عوام کو مشکلات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : سب کچھ بدل رہا ہے لیکن آٹو رکشا ڈرائیورس کی رفتار بے ڈھنگی برقرار ہے ۔ یہ عام شکایت ہے کہ آٹو میٹر پر نہیں چلتے من مانی کرایے وصول کیے جارہے ہیں ۔ مسافرین کو بس ڈپو ریلوے اسٹیشن یا ہاسپٹل پہونچنے کی جلدی ہوتی ہے لیکن ایسے نازک وقت پر بھی آٹو ڈرائیورس کا شاہانہ انداز برقرار رہتا ہے ۔ ان کی مرضی چاہے تو سواری کو لے چلیں یا انکار کریں ، بہت کم آٹو ڈرائیورس ایسے ہیں جو اشارے پر رک جاتے ہیں ۔ مسافر سوار ہونے کے ساتھ ہی میٹر ڈالتے ہیں اور پوری شرافت اور دیانتداری سے منزل مقصود تک پہونچاتے ہیں یہی نہیں بلکہ مسافرین کا سامان آٹو میں رکھنے اور اتارنے میں مسافرین کی مدد کرتے ہیں لیکن آٹو ڈرائیورس کی اکثریت میٹر پر نہیں چل رہی ہے اور حقیقی کرایہ سے ڈبل مانگ رہے ہیں ۔ آٹو رکشا ڈرائیورس کی یونینوں کا ادعا ہے کہ ان سے وابستہ آٹو ڈرائیورس قواعد و قوانین کی مکمل پابندی کررہے ہیں ۔ آٹو ڈرائیور ڈریس میں ہوتے ہیں ۔ آٹو رکشا پر ڈرائیور کا نام اور دیگر تفصیلات موجود رہتی ہیں۔ سارے مسائل ان ڈرائیورس سے ہیں جو کسی یونین سے وابستہ نہیں ہیں ۔ ڈی سی پی ٹرافک اے وی رنگناتھ نے کہا کہ آٹو ڈرائیور سے متعلق کوئی بھی شکایت قریبی ٹریفک پولیس اسٹیشن میں درج کرائی جاسکتی ہے ۔ مسافرین کسی بھی شکایت کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن نمبر 9010203626 یا 9490598985 پر ربط قائم کرسکتے ہیں ۔۔