اندرون ہفتہ 600 آٹوز کی تقسیم ، ضامن روزگار کورسیس میں داخلہ اور مرکزی حکومت کے اسکالر شپس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد اور رنگا ریڈی میں غریب مسلمانوں کو خود روزگار سے وابستہ کرنے کیلئے آٹو رکشا اسکیم کے تحت تاحال 1100 امیدواروں کی درخواستوں کو آر ٹی اے کی جانب سے کلیئرنس حاصل ہوچکا ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ اس اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے اور توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ 600 درخواست گزاروں میں آٹو رکشا کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی خصوصی دلچسپی سے شروع کردہ اس اسکیم کے تحت ابتداء میں ایک ہزار آٹو رکشا کی اجرائی کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم 1800 درخواستیں آن لائین داخل کی گئیں جس پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام درخواست گزاروں کو آٹو رکشا جاری کرنے کی ہدایت دی اور پہلے مرحلہ میں 500 امیدواروں میں آٹو رکشا جاری کئے گئے۔ تلنگانہ حکومت اضلاع میں بھی غریب اقلیتوں کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ دوسرے مرحلہ میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 600 آٹو رکشا کیلئے آر ٹی اے حکام سے کلیئرنس حاصل ہوا اور ان میں سے 10 آٹو رکشا حج کیمپ کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے ہاتھوں جاری کئے گئے۔ رسمی طور پر کسی تقریب میں آٹو رکشا کی اجرائی کے بجائے کارپوریشن میں راست طور پر ڈیلر سے امیدواروں کو آٹو جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوسرے مرحلہ میں 600 آٹو رکشا کی منظوری سے جملہ منظورہ آٹو رکشا کی تعداد 1100 تک پہنچ گئی ہے ۔ مزید 700 آٹو رکشا کی منظوری ابھی باقی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بتایا کہ حکومت مسلمانوں کی معاشی ترقی میں سنجیدہ ہے اور آنے والے دنوں میں فینانس کارپوریشن کے ذریعہ مختلف نئی اسکیمات کا آغاز کیا جائے گا۔ اسی دوران اقلیتی فینانس کارپوریشن نے ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت مختلف کورسس کیلئے درخواستوں کی طلبی کا آغاز کیا ہے ۔ اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے ایسے امیدوار جن کی عمر 18 تا 35 سال کے درمیان ہے اور جن کی کم سے کم تعلیمی قابلیت ایس ایس سی پاس ہو ، وہ تین ماہ پر مشتمل مختصر مدتی اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگراموں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ جن کورسس میں درخواستیں طلب کی گئیں ، ان میں آئی ٹی اسکلس ، کنسٹرکشن کورسس، پری پرائمری ٹیچرس ٹریننگ ، بیوٹیشن کورسس ، سیکوریٹی سسٹم (سی سی ٹی وی، فائر الارم) ، سیکوریٹی گارڈ ٹریننگ ، لائیٹ اینڈ ہیوی موٹر ڈرائیونگ ، پیرا میڈیکل کورسس اور پلاسٹک انجنیئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کورسس شامل ہیں۔ درخواستیں کارپوریشن کے دفتر واقع حج ہاؤز پانچویں منزل پر 31 اگست تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ انچارج جنرل مینجر اقلیتی فینانس کارپوریشن دلاور علی نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی پری میٹرک و پوسٹ میٹرک اسکالرشپ برائے تعلیمی سال 2016-17 ء کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 31 ستمبر تک توسیع کی گئی ہے، جس کے تحت نئے اور تجدیدی درخواستیں داخل کرنے کی سہولت رہے گی۔