آوٹ سورسنگ برقی ملازمین کو باقاعدہ بنانے کے اعلان پر اظہار تشکر

ملازمین تنظیموں کی وزیر برقی جگدیش ریڈی سے ملاقات ، ملازمین کے حق میں تاریخی فیصلہ کا اظہار
حیدرآباد۔2 ڈسمبر (سیاست نیوز) محکمہ برقی کے آئوٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کے تیقن کے بعد ملازمین کے تنظیموں نے آج وزیر برقی جگدیش ریڈی سے ملاقات کی۔ یونین کے قائدین نے آئوٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے فیصلے پر اظہار تشکر کیا اور اسے ملازمین کے حق میں تاریخی فیصلہ قرار دیا۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے یونین کے قائدین کو تیقن دیا کہ حکومت ان کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران چیف منسٹر نے برقی ملازمین کے تعلق سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری میں حکومت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں حکومت پر بھروسہ کریں اور احتجاجی لائحہ عمل طے کرنے سے گریز کریں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے برقی ملازمین کے نمائندے ستیہ نارائن پرکاش نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کے سی آر نے جو فیصلہ کیا ہے آئوٹ سورسنگ ملازمین زندگی بھر ان کے مرہون منت رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وعدے کی تکمیل میں تاخیر کے سبب ملازمین کئی اندیشوں کا شکار تھے۔ ملازمین کی جانب سے ہڑتال کی دھمکی کے بعد چیف منسٹر نے کل اعلی سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے آئوٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قائدین نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے بات چیت کے ذریعہ مسائل کی یکسوئی کی بہتر مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار آنے کے بعد سے کے سی آر نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا آغاز کیا اور عوام کی بھلائی کے لئے جن اقدامات کی شروعات کی ہے، ملازمین اس سلسلہ میں حکومت کے ساتھ ہیں۔