آوٹر رنگ روڈ کے اطراف بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں

عہدیداروں کو ریاستی وزیر کے ٹی آر کی ہدایت۔ ٹراما سنٹرس قائم کرنے پر بھی زور
حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آؤٹر رنگ روڈ کے اطراف بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آج بیگم پیٹ کیمپ آفس پر کے ٹی آر نے ایچ ایم ڈی اے کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا بالخصوص انٹرچینج کے قریب وے سائیڈ ایمنٹس (Way Side Aminities) قائم کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے ریاستی وزیر کو بتایا کہ ابھی تک کئی کمپنیوں نے انٹرچینج کا جائزہ لیا ہے۔ ساتھ ہی چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے آؤٹر رنگ روڈ کے اطراف سرسبز و شاداب کو فروغ دیا جارہا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے آؤٹر رنگ روڈ پر ہر 10 کیلو میٹر پر ایک ایمبولنس رکھنے اور اس کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ محکمہ آروگیہ شری سے تال میل پیدا کرتے ہوئے ٹراما سنٹرس قائم کرنے پر زور دیا۔ آؤٹر رنگ روڈ پر مکمل ایل ای ڈی لائٹس لگانے کے عمل پر بھی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ کے ٹی آر نے پراجکٹ واری اساس پر ترقیاتی کاموں کے معاملہ میں معلومات حاصل کی۔ بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے، ریڈئیل روڈس، گرڈ روڈس کی تعمیرات میں تیزی پیدا کرنے پر زور دیا۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے اُپل کے علاقہ میں کئے جانے والے کاموں کو دسہرہ تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے باٹا سنگارام، منگل پلی میں قائم کئے جانے والے لاجیٹکس پارکس کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ تالابوں کے ترقیات پر غور کرتے ہوئے 40 تالابوں کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کی ہدایت دی۔ ہر پراجکٹ کیلئے وقت مقرر کرنے کا مشورہ دیا۔ بالا نگر میں تعمیر ہونے والے فلائی اوور کا بھی جائزہ لیا۔ شہر میں جی ایچ ایم سی کے ساتھ مل کر فٹ اوور برج کے تعمیرات کی ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے ایچ ایم ڈی اے کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس اجلاس میں محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار، کمشنر ایچ ایم ڈی اے چرنجیولو، ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی بھارتی ہولکری کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔