ایچ ایم ڈی اے سے ٹنڈرس کی طلبی ، روڈ کو بین الاقوامی طرز پر بنانے کی کوشش
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) شہر کے اطراف موجود آؤٹر رنگ روڈ پر ریاپڈ فرکیونسی اڈینٹیفیکیشن ڈیوائس کی تنصیب کیلئے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) نے ٹنڈر طلب کرنے شروع کردیئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ کو عصری بنانے کے علاوہ اسے بین الاقوامی سہولتوں سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت ہی ORRپر آر ایف ڈی آئی ٹول پلازا کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ موٹر وہیکل کو ادائیگی کا انتظار کرنا نہ پڑے بلکہ گاڑی کے گذرتے ہی از خود ٹیکس ادا ہوجائے۔ حیدرآباد میٹروپولیٹین اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آؤٹر رنگ روڈ پر 23آر ایف ڈی آئی ٹول پلازا کی تنصیب کو منظوری دی گئی ہے اور اس کے لئے ٹنڈر کی طلبی کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ میں عصری ٹول پلازہ کی تنصیب کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیدار نے بتایا کہ ریاست کی تیز رفتار ترقی کو ممکن بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ریاست میں عالمی سطح کی سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنایا جائے۔ ابتداء میں حیدرآباد میٹروپولیٹین اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے آر ایف ڈی آئی کے بجائے ڈی ایس آر سی ٹکنالوجی کے استعمال کا منصوبہ تیار کیا تھا لیکن ملک بھر کے علاوہ بیرونی ممالک میں بھی آر ایف ڈی آئی کے استعمال کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہرکے اطراف رنگ روڈ پر بھی یہی ٹکنالوجی استعمال کی جائے ۔ آؤٹر رنگ روڈ سے نکلنے والے تمام راستوں پر یہ ٹول بوتھ نصب کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا کہ اس ٹکنالوجی کے ذریعہ ٹول ٹیکس وصول کرنے کیلئے ہر نکلنے والے مقام پر گیٹ نمبر دو‘ پانچ اور ایک ‘ تین پر وصول کیا جائے گا جبکہ مابقی گیٹ پر روایتی انداز میں ٹول کی وصولی عمل میں لائی جائے گی جہاں نقد اور کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کی سہولت حاصل رہے گی لیکن جو گاڑیاں بلا رکاوٹ کے ٹول سے گذرنا چاہتی ہیں ان کے لئے یہ سہولت انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔حیدرآباد میٹروپولیٹین اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کے بموجب اس کے ساتھ ساتھ آؤٹر رنگ روڈ پر رفتار کنٹرول کرنے کے لئے عصری آلات کی تنصیب کے متعلق بھی تبادلہ خیال جاری ہے اور توقع ہے کہ حکومت کی جانب سے منظوری دیئے جانے کے بعد ہائی ڈیفینیشن کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ برق رفتار سے چلائی جانے والی گاڑیوں کی ازخود تصویر کشی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا اور محکمہ پولیس و دیگر متعلقہ محکمہ جات سے مشاورت کے بعد ٹنڈر کی وصولی اور دیگر امور کا آغاز عمل میں آئے گا۔