آوٹر رنگ روڈ پر الیکٹرانک ٹول ٹیکس سسٹم متعارف

گاڑیوں کی آمد و رفت میں آسانی ، اندرون چار ماہ نئے پراجکٹ پر عمل آوری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : آوٹر رنگ روڈ پر ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے لیے مالکین گاڑی کو قطار میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ سفر کو آسان اور نان اسٹاپ بنانے کے لیے ’الکٹرانک ٹول کلکشن ‘ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے ۔ بین الاقوامی طرز پر تعمیر کردہ آوٹر رنگ روڈ پر سفر کو آرام دہ اور بغیر رکاوٹ کے آسان بنانے کے لیے ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 158 کیلو میٹر طویل سڑک پر 19 ٹول پلازا ہیں جہاں ایک سیکنڈ بھی توقف کے بغیر آگے بڑھنے کے لیے ٹول پلازہ کے پاس موجود ٹول وصول کرنے کے مینول سسٹم کو ختم کرتے ہوئے ٹول مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے اور اس کے لیے ’ الکٹرانک ٹول کلکشن ‘ ( ای ٹی سی ) پر عمل کیا جانے والا ہے ۔ آوٹر رنگ روڈ پر موجود 74 انٹری و اگزٹ (آمد و رفت ) مقامات کو ریڈیو فریکیونسی ایڈنٹیفکشن ( آر ایف آئی ڈی ) سے مربوط کرنے کے لیے 14 سڑک لائن کے اہم ٹول پلازا کے قریب مینول اینڈ ٹچ اینڈ گو کاموں کو انجام دیا جارہا ہے ۔ گذشتہ ماہ منعقدہ حیدرآباد گروتھ کاریڈار لمٹیڈ بورڈ کے اجلاس میں آر ایف آئی ڈی کے کاموں کو منظوری دی گئی ہے ۔ اس سسٹم پر عمل اوری کو یقینی بنانے کے لیے جاپان کی مالیاتی ایجنسی نے قرض فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ ایچ جی سی ایل کے عہدیداروں نے 4 ماہ میں پراجکٹ تکمیل کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ 68.74 کروڑ روپئے کے مصارف سے ٹول مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے ۔ جاپان کے مالیاتی ادارے کے تعاون سے شروع کئے جانے والے پراجکٹ کے کاموں کی ایف کان اے جی ۔ ایف کان انڈیا کمپنی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں آوٹر رنگ روڈ کے 19 ٹول پلازا سنٹرس کے 181 ٹول لائن پر 23 الکٹرانک ٹول وصولی مراکز قائم کئے جارہے ہیں ان مراکز کے پاس اسمارٹ کارڈس ریڈنگ آلات کے علاوہ 157 ٹول بوتھس پر سی سی کیمرے نصب کیے جائیں گے ۔ ٹی ایم سی سسٹم پر عمل اوری سے مالکین گاڑیوں کو ایک سیکنڈ بھی رکنے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ تاہم گاڑیوں کے مالکین کو پری پیڈ کارڈ حاصل کرتے ہوئے ری چارج کرانا پڑے گا ۔ ای کارڈ سے اسمارٹ ٹیاگ کو مربوط کیا جائے گا ۔ اس کارڈ کو اسٹرینگ کے پاس رکھنے سے اس کے سگنلس سے خود بہ خود گیٹ کھل جائے گا ۔ ٹچ اینڈ گوٹول بوتھ کے قریب خصوصی ریڈرس کا انتظام کیا جائے گا ۔ مالکین گاڑی اپنا اسمارٹ کارڈ اس کو صرف ٹچ کریں ۔ جس سے گیٹ کھل جائے گا ۔ پری پیڈ کارڈ نہ رکھنے والے مینول گیٹ کا استعمال کرسکتے ہیں ۔۔