گڈس ٹرانسپورٹ شعبہ کو ترقی دینے کی تجویز ، وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا ادعا
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ حیدرآباد کے قریب گڈس ٹرانسپورٹ شعبہ کی ترقی کیلئے لاجسٹک پارکس قائم کئے جائیں گے۔ وقفہ سوالات کے دوران ٹی آر ایس ارکان کے سوال کے جواب میں کے ٹی آر نے بتایا کہ ایچ ایم ڈی اے ماسٹر پلان کے تحت 12 لاجسٹک ہبس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں سے دو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت منگل پلی اور باٹا سنگارم میں قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاجسٹک پارکس میں ٹرک پارکنگ ، ویر ہاؤزنگ ، کولڈ اسٹوریج، آٹو موبائیل سرویس سنٹر ، وہیکل ٹسٹنگ سنٹر ، ریسٹورنٹس ، دھابہ ، فیول اسٹیشن اور دیگر سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ منگل پلی میں 22 ایکر اراضی پر 20 کروڑ تخمینہ سے لاجسٹک پارک قائم کیا جائے گا ۔ باٹا سنگارم میں 40 ا یکر اراضی پر 35 کروڑ روپئے کے صرفہ سے یہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لاجسٹک پارک کے قیام سے تقریباً 900 افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔