آن لائن کے ذریعہ مکانات وجائیدادوں کی خرید و فروخت کا بہت جلد آغاز

حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) دنیا بھر میں ہر شعبہ تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ عصری ٹکنالوجی کے استعمال میں بھی ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ کسی زمانے میں اگر کوئی مکان کرایہ پر دینا یا فروخت کرنا ہوتا تو اس کے لئے مذکورہ کاروبار سے وابستہ افراد کو اس کے متعلق واقف کروایا جاتا تھا۔ لیکن اب جس طرح کئی اشیاء آن لائن دستیاب ہورہی ہیں اسی طرح بہت جلد حیدرآباد میں بھی آن لائن مکانات و جائیدادوں کی فروخت اور ان کا جائزہ لینے کی سہولت حاصل رہے گی۔ ملک کے مختلف شہروں میں رئیل اسٹیٹ سے وابستہ افراد گاہکوں کو مکان دکھانے کیلئے ڈرون طیاروں سے منسلک کئے ہوئے کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے انہیں آن لائن مکانات کا مشاہدہ کروارہے ہیں۔ مختلف ویب سائٹس کی جانب سے اس سہولت کی فراہمی کا مقصد گاہک کو مکان دیکھنے کیلئے وقت نکالنے کی ضرورت باقی نہ رکھنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے بعض علاقوں میں اب بھی اس سہولت کو آزمانے کے متعلق غور کیا جارہا ہے۔

چونکہ اس سہولت کے ذریعہ رئیل اسٹیٹ کے کاروباریوں کو کافی فائدہ بھی حاصل ہورہا ہے۔ ڈرون طیارے جو چھوٹے طیارے ہوتے ہیں ان میں نصب کیمروں کے ذریعہ مکان کا تفصیلی مشاہدہ کروانے والی مختلف ویب سائیٹس اس سہولت سے استفادہ کے متعلق یہ دعویٰ کررہی ہیں کہ اس سہولت کے آغاز کے بعد گاہکوں سے بارہا رابطہ قائم کرنے کے علاوہ انہیں جائیداد کا مشاہدہ کروانے کے جھنجھٹ سے نجات حاصل ہوچکی ہے۔ چونکہ ڈرون سے لگے کیمروں کے ذریعہ گاہک اپنی من پسند جائیداد کا تفصیلی مشاہدہ آن لائن کرسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جائیدادوں کی آن لائن خرید و فروخت اور تفصیلات کی فراہمی کے سلسلہ میں شروع کردہ ویب سائٹس کی جانب سے اس سہولت کے استعمال کے ذریعہ گاہکوں کو راغب کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں یہ سہولت عرصہ دراز سے موجود ہے لیکن ہندوستان بالخصوص حیدرآباد میں اس سہولت کو روشناس کروائے جانے کے بعد امکان ہے کہ شہر کی جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ چونکہ سرکاری سطح پر حکومت کی جانب سے وائی فائی سہولت کی فراہمی کے ساتھ برانڈ حیدرآباد کے اعلانات کئے جارہے ہیں۔ ایسی صورت میں رئیل اسٹیٹ شعبہ سے وابستہ افراد حیدرآباد کی مجموعی اور تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے میں مصروف ہوچکے ہیں اور ڈرون کے ذریعہ مکانات کے مشاہدہ کی سہولت کے فروغ کے متعلق سنجیدہ ہیں۔