آن لائن چھیڑچھاڑ، بحریہ کا عہدیدار سائبر جرائم کا مرتکب

حیدرآباد ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) سی آئی ڈی مقدمات کی ایک نامزد عدالت نے ہندوستانی بحریہ کے ایک ملازم کو حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک کمسن لڑکی کو فیس بک کے ذریعہ آن لائن تعلقات کیلئے اکسانے اور اس کے بعد فحش، واہیات، قابل اعتراض اور اہانت آمیز پیغامات کے ذریعہ ہراساں کرنے کے جرم کا مرتکب قرار دیا ہے۔ سی آئی ڈی کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل گوئند سنگھ نے کہا کہ عدالت نے استغاثہ کے 11 گواہوں پر جرح کے بعد ملزم کلدیپ کمار کو جرم کا مرتکب قرار دیا ہے۔ بعدازاں مجرم کو دو سال کی قید بامشقت اور 15000 روپئے جرمانہ کی سزاء سنائی گئی۔ سی آئی ڈی میں شعبہ سائبرکرائم کے انسپکٹر جی روی کمار نے اس کیس کی تحقیقات اور مقدمہ کی نگرانی کی تھی۔