حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) وزیر اِنفرمیشن ٹیکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے ’’آن لائن ووٹنگ‘‘ کی تجویز پر ملک گیر سطح پر مباحث کی ضرورت پر زور دیا۔ آج یہاں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے سلسلے میں گزشتہ دن منعقدہ رائے دہی کے فیصد میں کمی ہونے کے موضوع پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ رائے دہی کے فیصد میں کمی کے اسباب پر بھی توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ کم از کم آن لائن ووٹنگ سسٹم کے ذریعہ ووٹنگ کے فیصد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن ووٹنگ سسٹم ان کی اپنی ذاتی رائے ہے کیونکہ اِنفرمیشن ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے پیش نظر اپنی فنی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہئے۔ کے ٹی آر نے روز بہ روز گھٹتے ہوئے رائے دہی کے رجحانات پر اظہار تاسف کیا۔