آن لائن لاٹری کے نام پر جھانسہ ‘ شاطردھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) آن لائن لاٹری کے نام پر دھوکہ دینے والے ایک شاطر دھوکہ باز کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس کی سائبر کرائم ونگ نے نئی دہلیسے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب 32 سالہ سندیپ سہوٹا متوطن اترپردیش نے بیگم بازار کے ساکن دھرمیندر تیواری کو 18 اکتوبر 2014ء کو بذریعہ فون یہ بتایا کہ ایک کمرشیل ویب سائٹ کے ذریعہ انہوں نے انعام جیتا ہے جس کے ذریعہ 70% ڈسکاؤنٹ اور 0% شرح سود پر ماہانہ اقساط کی سہولت کے ساتھ الیکٹرانک اشیاء خرید سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بہانے سندیپ نے دھرمیندر کے ڈیبٹ کارڈ تفصیلات حاصل کرلی اور 13,999/- روپئے حاصل کرلئے۔ دھوکہ باز نے مزید 54,996/- روپئے کی رقم بھی حاصل کرلی اور یہ دعویٰ کیا کہ عنقریب اسے ایک پاس ورڈ فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعہ وہ مزید سہولتیں فراہم کرسکتا ہے۔ دھرمیندر نے بالآخر دھوکہ باز کے جھانسہ میں آنے کے یقین کے بعد سائبر کرائم سے رجوع ہوکر ایک شکایت درج کرائی اور ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے سندیپ کو نئی دہلی سے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اسے حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا۔