ایک وقت تھا کہ خواتین کئی مرتبہ مارکیٹوں کا چکر لگاتی تھیں تو پھر کہیں جاکر انہیں مطلوبہ چیز مل پاتی تھی ، یہی حال میچنگ جوتوں و دیگر سامان کے وقت ہوتا تھا ۔ اب تو انٹرنیٹ پر مختلف برانڈز کو تلاش کر کے منٹوں میں میچنگ ڈھونڈی جاسکتی ہے ۔ آن لائن شاپنگ کو پچھلے چند سالوں کے دوران بہت عروج ملا ہے ۔
خاص طور پر خواتین کو ایک چیز ڈھونڈھنے کیلئے بازاروں کے چکر نہیں لگانے پڑتے ۔ ساتھ ہی ان کا قیمتی وقت اور پیسہ بھی ضائع ہونے سے بچ جاتا ہے ۔ یہ سچ ہے کہ آن لائن شاپنگ کی وجہ سے جہاں لوگوں کو آسانی ہوئی ہے ، وہیں ان کو دھوکہ بھی ملنے لگا ہے ۔ عموماً خواتین جو تصویر دیکھ کر آرڈر کرتی ہیں ، جب پارسل آتا ہے تو وہ اس تصویر سے بالکل اُلٹ ہوتا ہے ۔ اب نا تو اس چیز کو استعمال کیا جاسکتا ہے اور ناہی اس کے پیسے واپس لئے جاسکتے ہیں ۔ اس لئے ماہرین ہمیشہ یہی مشورہ دیتے ہیں کہ جب بھی آن لائن شاپنگ کریں بہت احتیاط کے ساتھ کریں ۔ جوتوں ، سینڈلز کی خریداری کرتے وقت خواتین کو کن باتوں کا دھیان ضرور رکھنا چاہئے ۔ جوتوں کی آن لائن شاپنگ کرتے وقت سب سے پہلا مسئلہ صحیح ناپ کا اندازہ لگانا ہوتاہے کہ کونسا ناپ آپ کو بالکل ٹھیک آئے گا سب سے پہلے ویب سائیٹ پر دیکھیں کہ ناپ کا چارٹ کہاں بنا ہوا ہے ، اس فہرست کو غور سے دیکھیں ، جس ناپ کے جوتے آپ پہنتی ہوں وہی آرڈر کریں ۔ یہاں بتانا ضروری ہیکہ ہر کمپنی کے جوتوں کا سائز ایک جیسا نہیں ہوتا ،اس کا ایک آسان طریقہ تو یہی ہے کہ آپ آرڈر کرنے سے قبل ویب سائیٹ پر موجود ہیلپ لائن سنٹر سے رابطہ کرسکتی ہیں ۔