آن لائن خدمات میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست

اسمبلی میں ارکان کے سوالات پر وزیرٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کا جواب
حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے کہا کہ آن لائن خدمات میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے۔ گذشتہ 7 ماہ کے دوران 6.13 لاکھ ڈرائیونگ لائسنس اور 10.59 لاکھ رجسٹریشن آن لائن کے ذریعہ کرانے کا دعویٰ کیا۔ ایم ویالٹ کے استعمال میں ریاست تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل ہونے کا ادعا کیا۔ آج اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان اسمبلی جی بلراج، اجئے کمار، سرینواس گوڑ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، جعفر حسین معراج کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب د یتے ہوئے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریاست میں گاڑیوں کی آلودگی کا پیمانہ طئے کرنے کیلئے درمیانی افراد کا خاتمہ کرتے ہوئے اس کی بھی آن لائن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ فی الحال گاڑیوں میں آلودگی کا پیمانہ طئے کرنے کی ذمہ داری خانگی ایجنسیوں کے حوالے ہے۔ تاہم مستقبل میں بدعنوانیوں کا خاتمہ کرنے اور خانگی افراد کی مداخلت کے بغیر آن لائن کی خدمات فراہم کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ گذشتہ سال 2 اگست 2016ء سے 3 مارچ 2017ء تک ریاست میں آن لائن کے ذریعہ 6.41 لاکھ لرننگ، 6.13 لاکھ ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔ ساتھ ہی 10.59 لاکھ گاڑیوں کا رجسٹریشن کرایا گیا۔ 2.48 لاکھ گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکٹس اور 70 ہزار پرمٹ جاری کئے گئے۔ ای سیوا، می سیوا، ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ آن لائن خدمات فراہم کرتے ہوئے درمیانی افراد اور بدعنوانیوں کا خاتمہ کردیا گیا۔ حیدرآباد کے بشمول ریاست کے دوسرے مقامات پر ایم ویالٹ کی خدمات توسیع دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پرانے شہر کے بنڈلہ گوڑہ میں 33 لاکھ روپئے کے مصارف سے آر ٹی اے آفس قائم کیا گیا۔ تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست کے ہر گاؤں کو آر ٹی سی بس اور منی بس چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بہت جلد مزید نئی 1200 بسوں کو سڑکوں پر اتارا جائے گا۔ روڈ سیفٹی اور انسداد حادثات کیلئے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گاڑیوں کی اسپیڈ کو کنٹرول کرنے کیلئے چیک پوسٹ قائم کئے جارہے ہیں۔