آن لائن تشہیرکا سامنا بنیادی مرکز توجہ : شرما

نئی دہلی ۔ 29اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز کے خصوصی نمائندہ جنہیں کشمیر کے موضوع پر مذاکرات کیلئے روانہ کیا گیا ہے آج کہا کہ ان کا مرکز توجہ وادی کشمیر کے نوجوانوں کو غلط آن لائن تشہیر کا شکار بننے سے روکنا ہے ۔ دنیشور شرما جو اپنے پہلے دورہ جموںو کشمیر کیلئے ایک نیا کردار ادا کرنے کیلئے جاریہ ہفتہ کے اوآخر میں پہلی بار روانہ ہوں گے ‘ کہا کہ جھوٹی نعرہ بازی اور تشہیر ان کا سرفہرست موضوع ہے تاکہ نوجوانوںکو اندھادھند تشدد میں مبتلا ہونے سے روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حیران کن بات ہے کہ ہر شخص مجھ سے پوچھ رہا ہے کہ کیا میں حُریت قائدین اور دیگر علحدگی پسند گروپس سے ملاقات کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک سے ملاقات کرنا ان کا مقصد ہے اور وہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ پر اعلان کرتے وقت یہ بات پوری طرح واضح کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اب یہ شبہ کیوں پیدا ہورہا ہے ۔ وہ سمجھنے سے قاصر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ وادی کے دورہ پر کھلے ذہن کے سات جارہے ہیں اور عوام سے ملاقات کرنے اور ان کی حقیقی شکایات سننے سے گریز نہیں کریں گے ۔