آن لائن اشیائے خورد نوش کی خریدی کے رجحان میں اضافہ

حلیم کے علاوہ سحری میں کھانے کی سربراہی ، گھر بیٹھے عوام کا بھر پور استفادہ
حیدرآباد۔13مئی(سیا ست نیوز) شہر حیدرآباد میں آن لائن اشیائے خورد و نوش کی خریداری کے رجحان میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہاہے او رماہ رمضان المبارک کے دوران صرف حلیم ہی نہیں بلکہ آن لائن سحر بھی آر ڈر کرتے ہوئے منگوائی جانے لگی ہیں اور رات دیر گئے یہ سہولت اشیائے خورد و نوش کی ڈیلیوری فراہم کرنے والی تین کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے جن میں UBER‘ ZOMATO اور SWIGGY شامل ہیں ۔دو برس قبل حلیم کی فروخت میں آن لائن آرڈر س نے زبردست اضافہ ریکارڈ کروایا تھا اور صرف SWIGGYکی جانب سے پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق آن لائن آرڈر میں 550 گنا اضافہ ریکارڈکیا گیا تھا اور سال گذشتہ بھی آن لائن گھر بیٹھے اشیائے خورد ونوش منگوانے کا رجحان دیکھا گیا لیکن اس سال صرف حلیم ہی نہیں بلکہ رات دیر گئے سحر کے آرڈر بھی آن لائن دئیے جانے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں کے دوران شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں SWIGGY اور ZOMATO کی جانب سے رات دیر گئے پہنچائی جانے والی سحری کے اشیائے خورد و نوش کی فروحت میں بھی اضافہ ریکارڈکیا جائے گا کیونکہ ماہ رمضان المبارک کی ابتداء سے اب تک جو ریکارڈ منظر عام پر آیا ہے اس کے مطابق سال گذشتہ کی بہ نسبت اس سال سحری میں باہر کے کھانوں کے چلن میں اضافہ دیکھا جا رہاہے اور لوگ گھر بیٹھے آن لائن ایپلیکیشن پر کھانا آرڈر کرنے لگے ہیں اور شہر کی کی سرکردہ ہوٹلوں اور ریستوراں سے یہ کھانے منگوائے جا رہے ہیں ۔بتایاجاتا جا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں آن لائن کھانے گھروں تک پہنچانے والی کمپنیو ںکی جانب سے رات دیر گئے ڈیلیوری کی سہولت کی فراہمی کی بھی ممکنہ تشہیر کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ رات دیر گئے سحر کے وقت آن لائن آرڈر وصول ہونے کے سبب کمپنیو ںکی جانب سے اس وقت تک بھی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن بعض علاقوں میں ڈیلیوری بوائز نہ ہونے کے سبب کچھ مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے مگر کمپنیو ںکی جانب سے اس بات کی طمانیت دی جانے لگی ہے کہ معینہ وقت میں ہی صارفین کی جانب سے دئے گئے آرڈر کو پہنچانے کی کوشش کی جائے گی ۔دنوں شہروں میں ہوٹل مالکین کا کہناہے کہ جاریہ ماہ رمضان المبارک کے دوران حلیم اور سحر دونوں ہی وقت میں آن لائن آرڈر کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہاہے اور لوگ ریستوراں اور ہوٹل تک پہنچنے کے بجائے گھر میں رہتے ہوئے آرام سے آن لائن آرڈر کرتے ہوئے اپنی پسندیدہ ڈشس منگوانے لگے ہیں۔