جی ایچ ایم سی جائیداد ٹیکس ادائیگی مہم کے مثبت اثرات ، دانا کشور کا بیان
حیدرآباد۔25اپریل (سیاست نیوز) آن لائن ادائیگی کے معاملہ میں حیدرآبادی سر فہرست ہوتے جا رہے ہیں اور آن لائن ادائیگیوں کے معاملات حیدرآباد میں زیادہ ریکارڈ کئے جانے لگے ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے وصول کئے جانے والے جائیداد ٹیکس کی تفصیلات کا جائزہ لیں تو اس بات کا انکشاف ہوگا کہ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والوں کی جانب سے آن لائن ادائیگی کے رجحان میں اضافہ ہوتا جا رہاہے ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شروع کی گئی Early Bird اسکیم کے تحت جائیداد ٹیکس میں 5فیصد کی رعایت کے دوران اب تک 258کروڑ روپئے وصو ل ہوئے ہیں اور ان میں 91کروڑ کی وصولی آن لائن کی گئی ہے جو کہ دیگر ذرائع میں سب سے زیادہ ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور آئی اے ایس کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 258کروڑ میں 91کروڑ آن لائن وصول کئے گئے جبکہ 71.45کروڑ بل کلکٹرس نے وصول کئے ہیںجبکہ 66.45کروڑ سٹیزن سروس سنٹرس کے ذریعہ وصول کئے گئے ہیں اور 28.45کروڑ می سیوا کے ذریعہ وصول کئے گئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے چلائی جانے والی شعور بیداری مہم کے سبب شہریوں کی جانب سے جائیداد ٹیکس کی ادائیگی میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور بہ آسانی ادائیگی کی سہولت فراہم کئے جانے کے سبب آن لائن ٹیکس ادا کرنے کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔