آن لائن ، ووٹر لسٹ میں نام درج کروانے اور تصدیق کی سہولت

حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): کیا آپ کی عمر 18 برس مکمل ہوگئی ہے ؟ کیا آپ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہتے ہیں ؟ اگر آپ نے فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام کی شمولیت کے لیے درخواست دے چکے ہیں تو پھر آپ کا نام فہرست میں شامل کیا گیا ہے یا نہیں اس بات کی تصدیق کے لیے آپ آن لائن فہرست رائے دہندگان میں اپنا نام تلاش کریں یا متعلقہ ایم آر او آفس جاکر معلوم کرسکتے ہیں اور اگر آپ نے تاحال درخواست نہیں دی ہے تو آن لائن یا ایم آر او آفس میں نئے رائے دہندے کی حیثیت سے فارم نمبر 6 کی خانہ پری کر کے درخواست داخل کرسکتے ہیں اور اتنا ہی نہیں اگر آپ کسی اور علاقے سے یہاں آکر رہائش پذیر ہیں اور آپ کا نام یہاں فہرست رائے دہندگان میں شامل نہیں ہے تو بھی آپ اپنے نام کی شمولیت کے لیے درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ ضلع رنگاریڈی میں امسال 1,05,392 افراد نے درخواستیں داخل کی تھیں جن میں سے 12,293 درخواستیں رد کردی گئی ہیں اور فہرست رائے دہندگان آئندہ ماہ جاری کی جانے والی ہے ۔ لہذا جدید ووٹرس اپنے ناموں کا اندراج کرواسکتے ہیں اور ناموں کے اندراج کی صورت میں ہی آپ کو عنقریب منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ووٹ دینے کا حق مل سکتا ہے ۔۔