اسکیم کو کامیاب بنانے عہدیداروں کو ہدایت، وزیر آبپاشی ہریش راؤ
حیدرآباد۔/20ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ آنگن واڑی مراکز میں حاملہ خواتین کیلئے دوپہر کے کھانے کی اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔انہوں نے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ دوپہر کے کھانے کی اسکیم میں شریک ہوکر کامیابی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کی شمولیت سے معیاری کھانے کی سربراہی یقینی ہوگی اور عمل آوری پر بہتر انداز میں نگرانی کی جاسکتی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت خواتین کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کررہی ہے اور اسی تسلسل کے تحت غریب حاملہ خواتین کیلئے دوپہر کے کھانے کی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل ویلفیر ہاسٹلس اور اقامتی اسکولوں میں معیاری چاول سے تیار کردہ کھانا سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے راشن کارڈ پر سربراہ کئے جانے والے چاول کی مقدار میں اضافہ کرتے ہوئے خاندان کے ہر فرد کیلئے ماہانہ 6کیلو چاول کا کوٹہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یکم جنوری سے تین اہم فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی مستحق غریب خاندان چاول کے اضافی کوٹہ اور پنشن سے محروم نہیں رہے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کے بعد ٹی آر ایس نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی توجہ فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری اور اسکیمات کے فوائد مستحق افراد تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی نئی اسکیمات کے سبب عوام میں حکومت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ سابقہ حکومتوں نے فلاحی اسکیمات پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے سرکاری ملازمین سے کہا کہ وہ اسکیمات پر کامیابی سے عمل آوری میں اہم رول ادا کریں کیونکہ ملازمین کی شمولیت کے بغیر اسکیمات پر کامیابی سے عمل آوری ممکن نہیں۔