آنگن واڑی مراکز کو راشن شاپس سے راشن کی سربراہی

60 سال عمر کی ٹیچرس کو 60 ہزار و آیاؤں کو 30 ہزار روپئے ادائیگی۔ وزیر بہبوودی خواتین و اطفال
حیدرآباد ۔28اگست ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست کے تمام آنگن واڑی سنٹرس کو آئندہ ماہ ستمبر سے راشن شاپس سے راشن سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 60سال مکمل کرنے والے آنگن واڑی ٹیچرس کو یکمشت ادائیگی کے تحت 60ہزار اور آیاؤں کو 30ہزار روپئے ادا کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ وزیر خواتین و اطفال بہبود ٹی ناگیشور راؤ نے آج عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جس میں مختلف اُمور کا جائزہ لیا گیا ‘ تاحال آنگن واڑی سنٹرس کو مقامی اسٹاک پوائنٹ ڈپوز سے راشن سربراہ کیا جاتا تھا ۔ ستمبر سے ضروری راشن مقامی راشن شاپس سے سربراہ کیا جائیگا ۔ ٹی ناگیشور راؤ نے 60سال مکمل کرنے والے آنگن واڑی ٹیچرس اور آیاؤں کی جانب سے وصول ہوئی درخواستوں کا بھی جائزہ لیا جس میں انہوں نے اپنی صحت ناساز ہونے کا دعویٰ کرکے حکومت سے مالی تعاون کی حواہش کی تھی جس کا ہمدردانہ غور کرنے کے بعد وزیر ٹی ناگیشور راؤ نے آنگن واڑی ٹیچرس اور آیاؤں کو جو 60سال عمر مکمل کرچکے ہیں انہیں 60ہزار اور 30 ہزار معاوضہ دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر پائی آنگن واڑی سنٹرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کی ہدایت دی ۔ عہدیداروں نے وزیر کو بتایا کہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے ۔ محبوبنگر میں اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ دوسرے اضلاع میں نوٹیفکیشن جاری کرنے وزیر موصوف نے عہدیداروں کو احکامات جاری کئے ۔ تقررات کو پیروی سے پاک بنانے آن لائن سسٹم پر عمل کرنے پر زور دیا ۔ پی ناگیشور راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے 10اضلاع میں 300 آنگن واڑی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی ۔ مرکزی حکومت نے ملک کے 11ریاستوں میں 4000 عمارتیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ویدانتا فاؤنڈیشن نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ وزیر نے عہدیداروں کو آنگن واڑی ماڈل عمارتوں کی تعمیرات کیلئے اراضی فاؤنڈیشن کے حوالے کرنے کی ہدایت دی ۔