آندھی کی وجہ سے برطانوی طیارہ لمحۂ آخر میں لینڈنگ نہ کرسکا

لندن ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں چہارشنبہ کو برٹش ایئرویز کے ایک طیارے کے مسافروں میں اس وقت شدید خوف و ہراس کی حالت پیدا ہوگئی جب طیارہ لندن کے ایک ایئرپورٹ کے رن وے کے بالکل قریب پہنچ جانے کے بعد بھی اترنے میں ناکام رہا۔ موسم کی خرابی اور طوفانی رفتار سے چلنے والی ہوا کے سبب طیارہ کو شدید ہچکولوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث طیارے کے پہیے زمین پر لگنے سے چند سیکنڈ قبل کپتان نے ایک بار پھر طیارے کو فضاء میں بلند کرلیا۔ طیارے کے اندر ایک مسافر کی جانب سے بنائے گئے ویڈیو کلپ سے ظاہر ہوتا ہیکہ کپتان نے شدید آندھی کے ہاتھوں توازن کھو دینے کے بعد کس طرح آخری لمحے میں رن وے پر اترنے کا فیصلہ واپس لیا۔ آئرلینڈ کے شہر ایڈنبرا سے آنے والی اس پرواز کے کپتان نے بعدازاں طیارے کو لندن کے ’’سٹی ایئرپورٹ‘‘ پر اتار لیا۔