نیلور ( آندھرا پردیش ) 27 فبروری ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش ریاست کے نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کیلئے تمام جنگلاتی اور ماحولیاتی منظوریاں ایک مہینے کے اندر فراہم کردی جائیں گی ۔ مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاودیکر نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے یہاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کبھی طریقہ کار کے مسائل پیدا ہونگے ہم تمام ماحولیاتی اور جنگلات سے متعلق منظوریاں اندرون ایک ماہ یقینی بنائیں گے ۔ اس تقریب میں مسٹر پرکاش جاودیکر کے علاوہ مرکزی وزیر برقی پیوش گوئل اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو موجود تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر 1600 میگا واٹ سوپر کریٹیکل دامودرم سنجیویا تھرمل پاور اسٹیشن کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر مسٹر پیوش گوئل نے اس پراجیکٹ کے دوسرے مرحلہ کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ پرکاش جاودیکر نے دوسرے مرحلہ کیلئے ان کی وزارت سے متعلق ماحولیاتی اور دوسری منظوریوں کے عمل کو جلد منظوری کا تیقن دیا ۔