آندھرا کے ملازمین کی تنخواہیں تلنگانہ سے زیادہ

حیدرآباد 8فبروری ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے سرکاری ملازمین کو تلنگانہ ملازمین کے مقابلہ میں کہیں زیادہ ہی تنخواہوں میں اضافہ (پے ریویژن )کئے جانے کا امکان پایا جاتا ہے جبکہ ریاست آندھرا پردیش کا مالی موقف بہتر نہ ہونے کے باوجود محض اپنے ملازمین کو اعتماد میں لینے کے مقصد سے حکومت آندھرا پردیش تلنگانہ ملازمین سے کہیں زیادہ پے ریویژن کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آندھرا پردیش کے سرکاری ملازمین کے پے ریویژن پر نظر ثانی کرنے پر غور کرنے کیلئے کابینی سب کمیٹی کا اجلاس 9 فبروری کو سہ پہر 3 بجے منعقد ہونے کا امکان ہے۔
اور اس کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کا اختتام عمل میں آنے کے بعد کابینی سب کمیٹی ارکان چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کر کے رپورٹ پیش کریں گے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ کابینی سب کمیٹی رپورٹ کی بنیاد پر چیف منسٹر مسٹراین چندرا بابو نائیڈو سرکاری ملازمین آندھرا پردیش قائدین کو طلب کر کے ان کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔