آندھرا کے دارالحکومت کی تلاش کا کام شروع

مرکز نے ماہرین کی پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

نئی دہلی 4 اپریل ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت نے ماہرین کی ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے سربراہ سابق مرکزی شہری ترقیات سکریٹری کے سیوا راما کرشنن ہیں تاکہ آندھرا پردیش ریاست کیلئے نئے دارالحکومت کے قیام کے مقام کی سفارش کی جاسکے ۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے پیش نظر یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ حیدرآباد تلنگانہ کا دارالحکومت رہے گا اور اسے دس سال تک مشترکہ دارالحکومت رھا گیا ہے ۔ اس مدت میں آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کی تعمیر عمل میں لائی جانی ہوگی ۔ اس کمیٹی کے دوسرے ارکان میں ڈائرکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فینانس اینڈ پالیسی مسٹر راتھن رائے ‘ ڈائرکٹر انڈین انسٹی ٹیوٹ فار ہیومن سٹلمنٹ بنگلور ارومر ریوی ‘ ڈائرکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اربن افئیرس جگن شاہ اور سابق ڈین اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکٹیکچر نئی دہلی مسٹر کے ٹی رویندرن شامل ہونگے ۔ جوائنٹ سکریٹری وزارت داخلہ مسٹر ایس سریش کمار کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ماہرین کی کمیٹی آندھرا پردیش کیلئے نئے دارالحکومت کے سلسلہ میں مختلف متبادلات پر غور کریگی اور مناسب سفارشات پیش کریگی ۔ اس کمیٹی کیلئے جو شرائط رکھی گئی ہیں ان میں مختلف متبادلات کا جائزہ لے کر نئے دارالحکومت کے مقام کی سفارش کرنا ‘ وہاں کا دورہ کرنا ‘ درکار ڈاٹا کی بنیاد پر اس کی مناسبت کا جائزہ لینا ‘ متعلقہ عوام سے ملاقات کرنا شامل ہے ۔ اس کمیٹی کو اپنی رپورٹ کی تیاری سے قبل مرکزی حکومت اور موجودہ آندھرا پردیش کی حکومت سے تبادلہ خیال کرنا اور 31 اگسٹ تک رپورٹ پیش کرنا شامل ہے ۔