وجئے واڑہ 2 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش ریاست کو آج دو خصوصی طیاروں کے ذریعہ 2,420 کروڑ روپئے کی کرنسی پہونچائی گئی اور چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا کہ ریاست میں کرنسی کی قلت آج شام تک ختم ہوجائیگی ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے کل ساری رات نقد رقم کے بحران کو حل کرنے کیلئے جدوجہد کی اور اس کے نتیجہ میں ریزرو بینک نے فوری طور پر 2,420 کروڑ روپئے جاری کردئے ۔ یہ رقم ریاست کو دو خصوصی طیاروں میں جنگی خطوط پر وشاکھا پٹنم اور تروپتی لائی گئی ۔ یہاں سے رقم کو بذریعہ سڑک ریاست کے تمام 13 اضلاع کو منتقل کیا گیا ۔ حکومت نے کسی رکاوٹ کے بغیر تمام اضلاع تک رقم پہونچانے کیلئے موثر انتظامات کئے تھے ۔ رقم کو کسی کے علم و اطلاع کے بغیر بینکوں تک پہونچانے کیلئے بھی خاطر خواہ سکیوریٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے رقم کے بینکوں تک پہونچنے تک عہدیداروں کے ساتھ ساری نقل و حرکت پر نظر رکھی ۔ چیف منسٹر نے کل چار ریاستوں کے چیف منسٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے بعد یہ عمل شروع کیا تھا ۔