آندھرا پردیش کے کاشت کاروں کو بہت جلد راحت

آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل پر حکومت کی توجہ ، جگن موہن پر تنقید ، پی رگھوناتھ ریڈی
حیدرآباد ۔ 6۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ و اقلیتی بہبود آندھرا پردیش مسٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے قائد اپوزیشن آندھرا پردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو حدف ملامت بنایا اور کہا کہ درحقیقت جگن موہن کا کلچر ’ گن رکھ کر لوٹ لینے ‘ کا ہے تو چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا کلچر ’ رین گن ‘ کے ذریعہ کسانوں کو راحت بہم پہونچانا ہوتا ہے ۔ اپنے دورہ اننت پور کے موقعہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رگھوناتھ ریڈی نے کہا کہ بہت جلد آندھرا پردیش بالخصوص علاقہ رائلسیما کے زیر التواء تمام پراجکٹس کو مکمل کر کے کاشت کے لیے پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ حکومت نہ صرف کسانوں کو ہی نہیں بلکہ قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی کے کھیتوں کو بھی پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ وزیر نے دریافت کیا کہ آیا دس سال قبل جگن موہن ر یڈی کے مکان میں رین گن پائے جانے کا اظہار کرنے والے ریڈی نے کسانوں کو ان گنوں کا استعمال کر کے راحت کیوں نہیں پہونچائی ۔ رگھوناتھ ریڈی نے جگن موہن کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سچائی کی پردہ پوشی کر کے حقائق سے بعید اور حقیقی حالات سے واقفیت حاصل کیے بغیر غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے پر آندھرا پردیش کے کاشتکار ہی انہیں بہتر سبق سکھائیں گے ۔۔