آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کا قیام ریاستی حکومت کا اختیار تمیزی

ملک کے نظم و نسق پر وزیر اعظم کی گرفت مضبوط ہونے کا ادعا: وینکیا نائیڈو مرکزی وزیر
حیدرآباد /5 ستمبر (ریاست نیوز) نیلور کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کا قیام تلگودیشم حکومت کا اختیار تمیزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے وجے واڑہ کو نئی راجدھانی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں مرکزی حکومت مداخلت نہیں کرے گی، جب کہ نئے دارالحکومت کی ترقی کے لئے فنڈس اور سہولتوں کی فراہمی کے معاملے میں اپنے عہد کی پابندی کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ تقسیم ریاست کے بل میں آندھرا پردیش سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش، وزیر اعظم نریندر مودی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ علاوہ ازیں تلگودیشم اور بی جے پی میں اتحاد ہے، لہذا بی جے پی اپنی حلیف جماعتوں سے خوشگوار تعلقات بنائے رکھے گی۔ انھوں نے نریندر مودی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر فخر ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لئے یہ سنہرا دور ہے، وزیر اعظم نے نظم و نسق پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے صحیح فیصلے کئے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک کی معاشی حالت مستحکم ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پٹرول اور پکوان گیس کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، جب کہ پیاز کی قیمت پر کنٹرول رکھا گیا ہے۔ انھوں نے ہندوستان میں القاعدہ کی سرگرمیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے حکومت القاعدہ کی سرگرمیوں کو ہندوستان میں فروغ نہیں پانے دے گی، بلکہ آہنی پنجوں سے اس کو کچل دیا جائے گا، مرکزی حکومت نے ملک کی تمام ریاستوں اور اہم شہروں کو چوکس کردیا ہے۔