شیو راما کرشنا کمیٹی کی رپورٹ پر مختلف قیاس آرائیاں ، گنٹور اور وجئے واڑہ کے درمیان مقام کی تلاش
حیدرآباد 28 اگست (سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش کیلئے نئے دارالحکومت سے متعلق میڈیا قیاس آرائیوں اور متضاد اطلاعات پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ میڈیا کو اس سلسلہ میں غیر ضروری اُلجھن پیدا نہیںکرنا چاہئے ۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو بھی ہدایت دی کہ آندھرا پردیش کیلئے نئے دارالحکومت پر متضاد بیانات نہ دیں۔ ایک اخباری نمائندوں کے سوال پر چندرا بابو نائیڈو نے اسمبلی کے التواء کے بعد ٹی ڈی ایل پی افسر پر نئے دارالحکومت سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شیو رام کرشنا رپورٹ نہیںپڑھی ہے یہ رپورٹ مرکزی وزیر داخلہ کو پیش کی گئی ہے ۔ میڈیا میں یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ آندھرا پردیش کیلئے نیا دارالحکومت بنانے جگہ کا انتخاب ہوگیا ہے بعض نے لکھا ہے کہ یہ دارالحکومت ڈونا کنڈہ میںہوگا دیگر نے لکھا کہ وینو کنڈہ اور بعض نے مچریلہ کو نیا دارالحکومت بنانے کی رپورٹ شائع کی ہے ۔ اس طرح کی متضاد رپورٹ سے غلط فہمی پیدا ہوتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر زراعت پی پلا راو نے کہا کہ آندھرا پردیش کا نیا دارالحکومت وجئے واڑہ اور گنٹور کے درمیان واقع ہوگا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ہم نئے دارالحکومت کا ایسا فیصلہ کریں گے جو سب کیلئے قابل قبول ہوگا۔ شیو راما کرشنن کمیٹی نے مختلف اختیارات اور تجاویز پیش کئے ہیں۔